حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی صاحبزادی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ شہادت کی مناسبت سے امام باڑہ سبطین آباد، حضرت گنج، لکھنؤ میں دوروزہ مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستان میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے خصوصی شرکت کی۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان میں نمائندہ ولی فقیہ حجۃ الاسلام و المسلمین حکیم الٰہی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و منزلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے احترام میں کھڑے ہو جاتے، آپؑ کا استقبال کرتے اور اپنی جگہ پر بٹھاتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پل صراط سے گزرنا ایک نہایت دشوار مرحلہ ہے، لیکن اگر کوئی چیز انسان کو بجلی سے بھی زیادہ تیزی کے ساتھ اس مرحلے سے گزار سکتی ہے تو وہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی محبت ہے۔
انہوں نے سیرتِ فاطمہؑ کی وسعت اور عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہزاروں علماء اور دانشوروں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت پر کتابیں تصنیف کی ہیں، لیکن اس کے باوجود آپؑ کی سیرت کا ایک ورق بھی مکمل طور پر بیان نہیں کیا جا سکا۔
حجۃ الاسلام حکیم الٰہی نے حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی شجاعت اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے آپؑ کی محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کسی جنگ میں کبھی زمین پر نہیں گرے، نہ کبھی تھکن کا اظہار کیا اور نہ ہی گریہ کیا؛ لیکن جب آپؑ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی خبر سنی تو شدتِ غم سے چیخ اٹھے، روئے اور بے ہوش ہو گئے۔ گھر پہنچنے تک کئی مرتبہ زمین پر بیٹھ گئے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ حضرت علی علیہ السلام سے بڑھ کر کوئی بھی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و منزلت سے واقف نہیں تھا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کا دردناک واقعہ بیان کیا۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے سربراہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ اگر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہ ہوتیں تو خواتین کے لیے کوئی معصوم نمونۂ عمل موجود نہ ہوتا، کیونکہ مرد ہر اعتبار سے خواتین کے لیے نمونۂ عمل نہیں بن سکتے۔ اسی لیے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’فاطمہ میرا جزو ہے۔‘‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا رسالت میں شریک اور مخلوق پر خدا کی حجت ہیں۔ مولانا کلب جواد نقوی نے بھی اپنے خطاب کے اختتام پر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کا واقعہ بیان کیا۔
مجلس کے دوران شعرائے کرام نے بارگاہِ سیدۂ عالمیان میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض جناب عادل فراز نقوی نے انجام دیے۔ اس مجلسِ عزا میں بڑی تعداد میں علماء، طلبہ اور مومنین و مومنات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ یہ مجالسِ عزا دفتر رہبری انقلاب اسلامی، دہلی کے زیرِ اہتمام سالانہ منعقد ہوتی ہیں۔










آپ کا تبصرہ