حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے شہر لکھنؤ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ، سیرتِ مبارکہ اور مثالی کردار کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے مقصد سے پانچ روزہ ’’فاطمیہ ایگزیبیشن 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزِ تعلیم و تربیت ٹرسٹ، لکھنؤ کے زیرِ اہتمام 10 سے 14 نومبر تک چھوٹے امام باڑہ، حسین آباد میں منعقد ہونے والی اس ایگزیبیشن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کے مختلف ادوار، گھریلو زندگی، سادگی، اخلاق و کردار اور خواتین کے لیے آپؑ کی سیرت کے عملی نمونوں کو تصویری اور مجسم انداز میں پیش کیا گیا۔
اس ایگزیبیشن کا مرکزی عنوان ’’اے لوگو! پہچانو، میں فاطمہ ہوں‘‘، جبکہ اس کا بنیادی مقصد دنیا کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حقیقی شخصیت، مقام و منزلت اور حیاتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرانا ہے۔ ایگزیبیشن میں آپؑ کی زندگی سے متعلق مختلف مناظر، گھریلو استعمال کی اشیا، طرزِ زندگی اور تاریخی واقعات کو اس انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ آنے والے افراد محض معلومات حاصل کرنے کے بجائے آپؑ کی سیرت کے عملی پہلوؤں کو بھی سمجھ سکیں۔

اس موقع پر ایگزیبیشن کے منتظم حجۃ الاسلام و المسلمین محمد میاں عابدی نے بتایا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی صرف ایک تاریخی شخصیت کی زندگی نہیں، بلکہ پوری انسانیت، بالخصوص خواتین کے لیے ایک مکمل نمونۂ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایگزیبیشن کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو کتابوں اور بیانات تک محدود رکھنے کے بجائے تصویری اور عملی انداز میں لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے، تاکہ نئی نسل، بالخصوص بچے اور نوجوان، آپؑ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہوسکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس نوعیت کی ایگزیبیشن لکھنؤ کے علاوہ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں بھی منعقد کی جا چکی ہے۔ اس کا مقصد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سادہ زندگی، گھریلو ذمہ داریوں، مقامِ نسواں، عبادت، ایثار اور اخلاقی عظمت کو عام کرنا اور معاشرے کو آپؑ کی سیرت سے عملی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

ایگزیبیشن میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی عالیہ حسن نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سادگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دختر اور مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی زوجہ ہونے کے باوجود آپؑ نے نہایت سادہ زندگی گزاری۔ آپؑ کے جہیز میں بھی چند سادہ برتن اور معمولی گھریلو اشیا شامل تھیں۔ آپؑ کی زندگی کا یہ پہلو آج کے معاشرے کے لیے ایک اہم پیغام رکھتا ہے کہ حقیقی عظمت کا تعلق ظاہری شان و شوکت اور پُرتعیش زندگی سے نہیں، بلکہ اخلاق، کردار اور بندگی سے ہے۔
اسی طرح ضیاء نقوی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کے تمام پہلو ہمارے لیے قابلِ مطالعہ اور قابلِ تقلید ہیں۔ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ آپؑ نے ایک بیٹی، زوجہ اور ماں کی حیثیت سے کس طرح اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ آپؑ کا ہر کردار انسانیت کے لیے ایک مستقل درس رکھتا ہے اور موجودہ معاشرے کو آپؑ کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

ایگزیبیشن میں شرکت کرنے والے افراد کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کے مختلف مناظر اور گھریلو سادگی کو تصویری و عملی شکل میں دیکھنا ایک منفرد تجربہ رہا۔ بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے یہ موقع آپؑ کی سیرت، گھریلو زندگی، صبر، ایثار اور خاندانی تربیت کے پہلوؤں کو سمجھنے کا ذریعہ بنا۔ نئی نسل کے لیے اس طرح کے پروگراموں کی اہمیت اس اعتبار سے بھی نمایاں ہے کہ وہ دینی و تاریخی شخصیات کے بارے میں معلومات کو بصری مشاہدے کے ذریعے بہتر انداز میں سمجھ سکتی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس پانچ روزہ فاطمیہ ایگزیبیشن میں مسلمان مرد و خواتین کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ اس طرح یہ پروگرام حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور آپؑ کے آفاقی اخلاقی و انسانی پیغام کو مختلف طبقات تک پہنچانے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوا۔










آپ کا تبصرہ