حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ کے حوزۂ علمیہ زینبیہ میں ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی کے زیرِ اہتمام ’’فاطمہ شناسی‘‘ کے عنوان سے خصوصی علمی و تربیتی دروس منعقد کیے گئے۔ ان دروس میں حجۃ الاسلام مولانا حمید الحسن، حجۃ الاسلام مولانا سید حسنین باقری اور حجۃ الاسلام مولانا سید رضا حیدر زیدی نے طالبات کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے مختلف علمی، اخلاقی اور تربیتی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
ان دروس کا مقصد سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت کو فروغ دینا اور آپؑ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
اساتذہ نے اپنے بیانات میں سیرتِ زہراؑ کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے علم، تقویٰ، عفت، صبر، عبادت اور احساسِ ذمہ داری جیسی صفات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی خواتین، بالخصوص طالبات کے لیے فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کا بہترین نمونہ ہے۔
موجودہ دور میں فاطمہ شناسی کی اہمیت
ان دروس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فاطمہ شناسی صرف تاریخی واقعات اور فضائل کے مطالعے کا نام نہیں، بلکہ سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو سمجھ کر ان کی تعلیمات کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنانا بھی ضروری ہے۔ آپؑ کی سیرت اسلامی شناخت کو مضبوط بنانے، اخلاقی اقدار کو فروغ دینے اور دینی شعور بیدار کرنے میں اہم رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
حوزۂ علمیہ زینبیہ میں ان دروس کا انعقاد اسی مقصد کے تحت کیا گیا، تاکہ طالبات سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے گہری معرفت حاصل کریں اور اپنی عملی زندگی میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں دینی و اخلاقی اقدار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔










آپ کا تبصرہ