حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھیک پور-بہار/ حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای، بھیک پور، بہار میں ہر سال کی طرح امسال بھی ایامِ عزائے فاطمیہ کی آخری شب، 4 جمادی الثانی 1448ھ، شامِ غربت کا خصوصی پروگرام عقیدت و سوگواری کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں علماء، ذاکرین، ماتمی انجمنوں اور عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کے دوران غلام نجف رضوی اور سید انتظار حسین رضوی نے سوز خوانی، جب کہ جواد قمی اور انور سیٹھلی نے مرثیہ خوانی کی۔ اس موقع پر انور سیٹھلی کی ماتمی انجمن کے علاوہ انجمن رضویہ اور انجمن فردوسیہ، گوپال پور، بہار نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت پر پرسہ پیش کیا۔
شامِ غربت کے اس خصوصی پروگرام میں شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب و آلام بیان کیے گئے۔ بعد ازاں شمعیں روشن کرتے ہوئے عزاداروں کا ماتمی جلوس روضۂ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، بھیک پور کی جانب روانہ ہوا۔
اس موقع پر حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کے مدیر، مولانا محمد رضا معروفی نے سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ مصیبت اور آخری لمحات کے دردناک واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سلمیٰ، زوجۂ ابو رافع، کے بیان کے مطابق شہزادی کونین چالیس روز تک بسترِ علالت پر رہیں۔ آپ کبھی گھر کے کاموں کے لیے اٹھنے کی کوشش کرتیں، لیکن درد کی شدت کے باعث دوبارہ بستر پر لیٹ جاتیں۔ شہادت کے روز بھی آپ کی طبیعت انتہائی ناساز تھی اور آپ درد کی شدت سے بار بار پہلو بدل رہی تھیں۔
انہوں نے واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سلمیٰ نے جب امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کو بی بی کی تشویش ناک حالت کی اطلاع دی تو مولا فوراً گھر تشریف لائے، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے سرِ مبارک کو اپنی آغوش میں لیا اور محبت بھرے انداز میں آواز دی: ’’فاطمہ! میں علی پکار رہا ہوں۔‘‘ اس کے بعد بی بی نے آنکھیں کھولیں، اپنی بعض وصیتیں بیان فرمائیں اور تکیے کے نیچے رکھا ہوا وصیت نامہ حضرت علی علیہ السلام کے حوالے کیا۔ مولانا معروفی نے ان لمحات کی منظرکشی کرتے ہوئے کہا کہ شہادت کی خبر سن کر امیرالمؤمنین علیہ السلام پر غم کا ایسا پہاڑ ٹوٹا کہ آپ بے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑے۔ افاقہ ہونے پر قبرِ رسول کی جانب رخ کرکے فرمایا: ’’یا رسول اللہ! آج علی تنہا ہوگیا۔‘‘
پروگرام کے دوسرے ذاکر، سابق پرنسپل حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای، مولانا سبط حیدر نے بھی مصائبِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا بیان کیے۔ انہوں نے مظلومیتِ سیدہ کے ضمن میں حضرت محسن علیہ السلام کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول روایت کی روشنی میں قیامت کے منظر کی تصویر کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ محشر میں حضرت خدیجہ اور حضرت فاطمہ بنت اسد ایک بچے کا جنازہ اٹھائے حاضر ہوں گی۔ جب پوچھا جائے گا کہ یہ کس کا جنازہ ہے تو بتایا جائے گا کہ یہ حضرت محسن علیہ السلام کا جسدِ مبارک ہے۔ اس کے بعد شہزادی کونین کی جانب سے سوال اٹھایا جائے گا: ’’بِأَيِّ ذَنْبٍ قُتِلَ؟‘‘ یعنی میرے بچے کو کس جرم میں قتل کیا گیا؟
جلوس کے اختتام پر روضۂ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام پر حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کے مؤسس مولانا سید شمع محمد رضوی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب اور قیامت میں آپ کی مظلومیت کے اظہار کے مختلف پہلو بیان کیے۔
انہوں نے حضرت محسن علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن شہزادی کونین اپنے بچے کی مظلومیت کا سوال اٹھائیں گی اور فرمائیں گی: ’’بِأَيِّ ذَنْبٍ قُتِلَ؟‘‘ انہوں نے واقعۂ کربلا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو میدانِ محشر میں اپنے فرزند حضرت امام حسین علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کا منظر دکھایا جائے گا تو آپ اس دردناک منظر کو دیکھ کر تاب نہ لاسکیں گی۔ مولانا موصوف نے اس موقع پر مصائبِ امام حسین علیہ السلام بیان کرتے ہوئے عزاداروں کو سوگوار کردیا۔
مولانا سید شمع محمد رضوی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کے دور کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون کو محض اس جرم میں گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا کہ اس نے بازار میں ٹھوکر کھا کر گرنے کے بعد قاتلِ زہرا پر لعنت بھیجی تھی۔ امام صادق علیہ السلام نے اس خاتون کی حمایت فرمائی اور اس کے لیے دعا کی۔ جب اس کی رہائی کی خبر ملی تو امام علیہ السلام نے اسے اپنی خصوصی عنایت سے نوازا۔ مولانا موصوف نے اس واقعے کے ذریعے عزادارانِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے تئیں ائمہ علیہم السلام کی محبت اور توجہ کو اجاگر کیا۔
انہوں نے عزاداروں سے اپیل کی کہ مجالسِ فاطمیہ کے انعقاد، سیدہ کونین کی مظلومیت کے پیغام کو عام کرنے اور عزائے فاطمیہ کو بھرپور انداز میں منانے کی کوشش جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شامِ غربت غم و مظلومیت کی رات ہے، اس لیے شہزادی کونین کے مصائب کو یاد کرتے ہوئے خلوصِ دل سے گریہ و ماتم کیا جائے۔
مولانا موصوف نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے آخری ایام کی مظلومیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی بی نے مولا علی علیہ السلام سے فرمایا کہ کیا کوئی انہیں سلام نہیں کرتا؟ اس پر امیرالمؤمنین علیہ السلام نے جواب دیا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ اب صرف سلام کا جواب نہ دینا ہی نہیں، بلکہ آپ کو سلام کرنے پر بھی لوگ خاموش رہتے ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر ماتم و نوحہ خوانی کے بعد زیارتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پڑھی گئی اور آئندہ سال تک کے لیے شامِ غربت کی اس مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔










آپ کا تبصرہ