حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کی ریاست بہار کی قدیم بستی علی منزل، بھیکپور میں ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے سہ روزہ مجالسِ عزائے فاطمی کا اہتمام کیا گیا، جس میں علمائے کرام نے سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت، عزاداریِ اہلِ بیتؑ کی اہمیت اور مصائبِ شہزادی کو مختلف پہلوؤں سے بیان کیا۔ ان مجالس میں سوزخوانی، نوحہ خوانی اور خطابت کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مجلس اول: فرشِ عزائے فاطمیہ کی عظمت
پہلی مجلس سے مولانا سبط حیدر اعظمی نے خطاب کیا۔ انہوں نے امام محمد باقر علیہ السلام سے منسوب ایک روایت نقل کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کو بیان کیا۔
انہوں نے علامہ سید ہاشم بحرانی کی کتاب ’’غایۃ المرام‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے عزاداریِ امام حسین علیہ السلام کی عظمت پر گفتگو کی اور کہا کہ فرشِ عزا کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے ذریعے انسان اہلِ بیت علیہم السلام کی بارگاہ سے معنوی وابستگی حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے مجالسِ عزائے فاطمی کی خصوصی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان مجالس میں امام حسن، امام حسین، امام زین العابدین اور دیگر ائمہ علیہم السلام سے قلبی وابستگی کا اظہار ہوتا ہے۔
مجلس دوم: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مقام و منزلت
دوسری مجلس سے مولانا محمد سید شمع محمد رضوی، مؤسس قرآن و عترت فاؤنڈیشن، نے خطاب کیا۔انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ غمِ سیدہ کی حقیقت اور آپ کے مقام کو سمجھنا آسان نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے خصوصی محبت اور آپ کا مقامِ قربت امت کے لیے غور و فکر کا اہم موضوع ہے۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عقدِ مبارک اور مخصوص مہر کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے آپ کی آسمانی منزلت کو بیان کیا۔ انہوں نے مدینہ میں پیش آنے والے واقعات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد اہلِ بیتؑ کو درپیش مصائب کا تذکرہ بھی کیا۔
مجلس سوم: رضائے فاطمہؑ اور رضائے الٰہی کا باہمی تعلق
تیسری مجلس سے مولانا محمد رضا معروفی، مدیر مکتب امامیہ آیت اللہ خامنہ ای، نے خطاب کیا۔ انہوں نے توبہ، استغفار اور رضائے الٰہی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال اپنے بندوں کی مغفرت کے اسباب فراہم کرتا ہے اور سچی ندامت و توبہ کے ذریعے انسان اپنے گناہوں کی بخشش حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر خداوند متعال بہت جلد راضی ہونے والا اور اپنے بندوں کو معاف کرنے والا ہے تو پھر ان افراد کے بارے میں کیا کہا جائے جنہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو اذیت پہنچائی اور آپ پر ظلم کیا؟
مولانا معروفی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رضائے فاطمہؑ کو رضائے الٰہی سے خصوصی نسبت حاصل ہے۔ انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب، جسمانی اذیتوں اور حضرت محسن علیہ السلام کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے اہلِ بیت علیہم السلام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بیان کیا۔










آپ کا تبصرہ