حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گجراتی علماء کونسل (انڈیا) نے عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے آپ کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو یاد کیا اور آپ کی رحلت کو ملتِ تشیع اور حوزاتِ علمیہ کے لیے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔
کونسل نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رح) عالمِ تشیع کے ممتاز مرجعِ تقلید، فقیہ، محقق اور حوزۂ علمیہ کے نامور استاد تھے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی علومِ آلِ محمدؑ کی تحصیل، تحقیق، تدریس اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج میں صرف کی۔ آپ کی علمی و تحقیقی کاوشوں کے نتیجے میں فقہ و اصول کے میدان میں گراں قدر علمی سرمایہ وجود میں آیا۔
تعزیتی بیان میں مزید کہا گیا کہ مرحوم نے اپنی زندگی کے طویل عرصے کو دینی علوم کی تعلیم و تحقیق اور تربیتِ علماء کے لیے وقف رکھا۔ آپ کی علمی بصیرت، دینی استقامت اور معارفِ اہلِ بیتؑ سے والہانہ وابستگی ہمیشہ اہلِ علم اور نسلِ نو کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہے گی۔
کونسل نے بالخصوص اہلِ بیت علیہم السلام کے ساتھ آپ کی گہری عقیدت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور دیگر معصومین علیہم السلام کے ایامِ شہادت میں مجالسِ عزا کے انعقاد اور عزاداری کے فروغ پر خصوصی توجہ دیتے تھے۔ آپ نے دینی تعلیمات اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کی ترویج کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔
پیغام کے اختتام پر بارگاہِ الٰہی میں دعا کی گئی کہ پروردگار مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عنایت فرمائے، نیز ان کے اہلِ خانہ، شاگردوں، متعلقین اور تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ گجراتی علماء کونسل (Gujarati Ulama Council) ہندوستان کی ایک دینی، تبلیغی اور تنظیمی جماعت ہے، جس کا قیام 10 فروری 2018ء کو گجرات کے شہر گاندھی نگر میں منعقدہ گجراتی زبان بولنے والے علماء ئے کرام کے ایک اجتماع کے بعد عمل میں آیا۔ اس کا بنیادی مقصد گجراتی زبان بولنے والے علماء ئے کرام کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرکے مذہبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی تبلیغ و ترویج اور دینی خدمات کو منظم انداز میں آگے بڑھانا ہے۔ مولانا علی حیدر فرشتہ اس کے صدر کی حیثیت سے تنظیمی و تبلیغی سرگرمیوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔











آپ کا تبصرہ