بدھ 18 نومبر 2026 - 13:28
عزائے فاطمیہؑ کے احیاء، دفاعِ ولایت اور علومِ اہلِ بیت (ع) کی ترویج میں آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: حجۃ الاسلام والمسلمین سید ابوالقاسم رضوی

حوزہ/ امام جمعہ میلبرن اور شیعہ علماء کونسل آف وکٹوریہ آسٹریلیا کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین سید ابوالقاسم رضوی نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی، فقہی اور بالخصوص شعائرِ فاطمیہؑ کے احیاء میں خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آسٹریلیا کے شہر میلبرن کے امام جمعہ اور شیعہ علماء کونسل آف وکٹوریہ کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین سید ابوالقاسم رضوی نے مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی رہ کی رحلت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی وفات عالمِ تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ایک عظیم علمی و دینی نقصان ہے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی فقہ و اجتہاد، علومِ آلِ محمدؑ کی تحقیق و تدریس اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام علیہم السلام کے دفاع و ترویج کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رہ کی علمی و دینی خدمات میں بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت کے فروغ اور شعائرِ فاطمیہ کے احیاء کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ آپ مدافعِ ولایت اور پاسدارِ حریمِ اہلِ بیتؑ ہونے کے ساتھ عزائے فاطمیہؑ کو ایک مؤثر دینی و فکری تحریک میں تبدیل کرنے والی عظیم شخصیت تھے۔ آپ نے اپنی مجالس، خطابات اور علمی اثرات کے ذریعے دخترِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت، مقامِ ولایت اور حقانیتِ موقف کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم فقہ و فقاہت کے میدان میں ژرف نگاہی، اصولی بصیرت اور استنباطِ احکام میں غیر معمولی دقتِ نظر کے حامل تھے۔ آپ کی علمی زندگی فقہِ جعفری کی تحقیق، تدریس اور ترویج سے عبارت تھی اور آپ نے حوزہ ہائے علمیہ میں اجتہاد و فقاہت کی علمی روایت کو استحکام بخشا۔ آپ کے علمی آثار، دروس اور تربیت یافتہ شاگرد اس عظیم علمی میراث کے امین رہیں گے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین سید ابوالقاسم رضوی نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رہ کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزہ ہائے علمیہ، علمائے کرام، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور تمام محبینِ اہلِ بیت علیہم السلام علیہم السلام کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کی۔

آخر میں دعا کی کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو صدقۂ جاریہ قرار دے اور تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha