حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علمائے شیعہ جنوب ہند (South India Shia Ulama Council) نے مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی (رح) کے سانحۂ ارتحال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
مجلس علمائے شیعہ جنوب ہند نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اس عظیم دینی مرجع کی رحلت عالمِ اسلام، بالخصوص پیروانِ اہل بیت علیہم السلام کے لئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ اسلامی تعلیمات کی ترویج، دینی علوم کے تحفظ اور امتِ مسلمہ کی رہنمائی کے لئے آپ کی تاحیات علمی و دینی خدمات ایک گراں قدر میراث کی حیثیت رکھتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رح) نے اپنی بابرکت زندگی علومِ اہل بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت، فقہ و اصول، تفسیر، تحقیق و تدریس اور دینی علوم کی ترویج کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ آپ کی علمی و فقہی خدمات، شاگردوں کی تربیت اور امتِ مسلمہ کی فکری و دینی رہنمائی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
مجلس نے اپنے تعزیتی پیغام میں سب سے پہلے حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی، اس کے بعد حوزاتِ علمیہ، مرحوم کے اہل خانہ، شاگردوں، مقلدین اور دنیا بھر کے شیعہ مسلمانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔
آخر میں مجلس علمائے شیعہ جنوب ہند نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ خداوند متعال مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان، متعلقین اور سوگواروں کو صبر و حوصلہ عنایت فرمائے۔











آپ کا تبصرہ