جمعہ 20 نومبر 2026 - 15:48
عالمی بے حسی تشویشناک؛ مظلوم فلسطینی اور ایرانی بچے آج بھی انصاف کے منتظر ہیں

قائد ملت جعفریہ پاکستان کا عالمی یوم اطفال پر پیغام:

عالمی بے حسی تشویشناک؛ مظلوم فلسطینی اور ایرانی بچے آج بھی انصاف کے منتظر ہیں

غزہ میں انسانی المیے کی شدت اور میناب اسکول میں بچوں کا قتل عام عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: میانمار کے روہنگیا مسلمانوں سے متعلق عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ظلم و جبر کے اندھیروں میں روشنی کی کرن ہے، غزہ میں جاری نسل کشی اور میناب اسکول میں بچوں کے قتل عام پر بھی عالمی انصاف کا منتظر ہیں، شکست خوردہ سامراج کی پشیمانی نے اسے بین الاقوامی قوتوں کا سہارا لینے پر مجبور کردیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 20 نومبر کو منائے جانے والے عالمی یوم اطفال پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں عالمی یوم اطفال منایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود مظلوم فلسطینی اور ایرانی بچے انصاف کے منتظر ہیں۔ غزہ میں جاری نسل کشی اور معصوم بچوں کے قتل عام پر عالمی برادری کی بے حسی انتہائی تشویشناک ہے جبکہ میناب کے اسکول پر دورانِ تعلیم قیامت ڈھائی گئی اور کم سن بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جو عالمی امن کے دعوے داروں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور شینزن میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ایک طرف دنیا بچوں کے حقوق اور تحفظ کے دعوے کرتی ہے جبکہ دوسری جانب صہیونی اور سامراجی قوتوں کے ہاتھوں ہزاروں معصوم بچے لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔ غزہ میں انسانی المیے کی شدت اور میناب اسکول میں بچوں کا قتل عام عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے لیکن افسوس کہ مظلوموں کو تاحال انصاف فراہم نہیں کیا جا سکا۔

علامہ ساجد نقوی نے روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو ظلم و جبر کے گھپ اندھیروں میں روشنی کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی حمایت سے گیمبیا کی جانب سے دائر درخواست پر عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ مظلوم اقوام کے لیے امید کا پیغام ہے۔ میانمار میں تقریباً 10 ہزار روہنگیا مسلمانوں کو شہید کیا گیا، جبکہ سات لاکھ سے زائد افراد کو اپنے گھروں اور وطن سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اس انسانی المیے پر پاکستان سمیت عالمی برادری نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا: میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم پر عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ایک اہم پیش رفت ہے، تاہم غزہ کے مظلوم عوام بھی عالمی انصاف کے منتظر ہیں، جہاں اب تک ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد اپنی ہی سرزمین پر بے گھر اور بے سہارا زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سوال یہ ہے کہ غزہ میں جاری ظلم و بربریت کا حساب کب لیا جائے گا اور مظلوم فلسطینیوں کو انصاف کب فراہم ہوگا؟

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شینزن میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: شکست خوردہ سامراج کی پشیمانی اور ایک بہادر برادر اسلامی ملک ایران کی جرأت و استقامت نے بین الاقوامی قوتوں کو نئے سرے سے غور و فکر کرنے اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی روک تھام جیسے معاملات پر توجہ دینے پر مجبور کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ایران کے خلاف جارحیت اور اس کے ممکنہ نتائج نے عالمی قوتوں کو اس حقیقت کا احساس دلایا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی صورت میں صورتحال غیر معمولی رخ اختیار کر سکتی ہے اور شاید دنیا دوبارہ معمول کے حالات کی طرف واپس نہ آ سکے۔ یہی وہ اہم نکتہ ہے جس کے بعد جوہری جنگ نہ چھیڑنے پر اتفاق اور حتیٰ کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے آئی۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: تاریخ گواہ ہے کہ ظلم ہمیشہ بہادر اور غیرت مند قوموں کے عزم و استقامت کے سامنے سرنگوں ہوتا ہے۔ تاریخ میں انھی اقوام اور شخصیات کو یاد رکھا جاتا ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی جرأت، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ مظلوم اقوام کی حمایت اور عالمی سطح پر انصاف کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha