اتوار 22 نومبر 2026 - 14:02
آیت اللہ العظمیٰ وحید (رہ) معرفتِ الٰہی، محبتِ خداوندی اور بارگاہِ ربوبیت سے انس کا مجسم نمونہ تھے، حجت‌الاسلام والمسلمین انصاریان

حوزہ / استادِ حوزہ علمیہ نے کہا: آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) اپنی بابرکت زندگی میں معرفتِ الٰہی، محبتِ الٰہی، خداوند متعال سے انس اور تہذیبِ نفس کا عملی نمونہ تھے اور انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن کریم اور اہل بیت علیہم السلام کی معارف کی ترویج میں گزاری۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت‌الاسلام والمسلمین حاج شیخ حسین انصاریان نے مرحوم مرجع تقلید کے دفتر کی جانب سے ہفتہ 21 نومبر 2026ء کی شام مسجد اعظم قم میں منعقدہ مجلسِ تعزیت سے خطاب کرتے ہوئےکہا: آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی (رہ) معرفتِ الٰہی، محبتِ خداوندی اور بارگاہِ ربوبیت سے انس کا مجسم نمونہ تھے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں نظامِ آفرینش میں انسان کے بلند مقام اور اس کے وجود میں پائی جانے والی معنوی صلاحیتوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں انسان کے لیے چار بنیادی حقائق اور مقامات بیان فرمائے ہیں، جن میں خلافتِ الٰہی، معرفت، ہدایت اور کرامت کے مقامات شامل ہیں۔

خطیب مجلس نے مزید کہا: نماز اور روزے جیسی ظاہری عبادات کی ادائیگی کے ساتھ قلبی عبادات مثلاً ذکر، توجہ، اخلاص اور باطنی مراقبت بھی انسان کے وجود کی تطہیر اور معرفت و محبتِ الٰہی کے حصول کے بنیادی اسباب میں سے ہیں۔

آیت اللہ العظمیٰ وحید (رہ) معرفتِ الٰہی، محبتِ خداوندی اور بارگاہِ ربوبیت سے انس کا مجسم نمونہ تھے، حجت‌الاسلام والمسلمین انصاریان

حجت‌الاسلام والمسلمین انصاریان نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) سے تقریباً 70 سالہ تعلق اور قریبی شناسائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا: میرا اس عظیم مرجع سے تقریباً 70 سالہ تعلق رہا ہے۔ جب میں چھٹی جماعت کا طالب علم تھا تو ان کے منبر کے سامنے بیٹھا کرتا تھا۔ بعد ازاں حوزہ علمیہ میں داخلے اور درسِ خارج تک پہنچنے کے بعد، جب وہ قم تشریف لائے اور مدرسۂ خان میں فقہ و اصول کی تدریس شروع کی تو مجھے بھی ان کے علمی محضر میں حاضر ہونے کی سعادت حاصل ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا: اگرچہ میں خود کو اس قابل اور لائق نہیں سمجھتا تاہم کئی سال تک اس عظیم اور صاحبِ نفس شخصیت کے درسِ فقہ و اصول سے استفادہ کیا۔ ان برسوں میں مجھے ان کی علمی، اخلاقی اور معنوی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا۔

حوزہ علمیہ کے اس استاد نے اہل بیت علیہم السلام کی مجالسِ عزا میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: تہران میں ہر پیر کے روز ایک مجلسِ عزا منعقد ہوتی تھی، جس میں تقریباً 10 سے 15 افراد شریک ہوتے تھے۔ جب بھی آیت اللہ العظمیٰ وہاں تشریف فرما ہوتے، اس مجلس میں ضرور شرکت کرتے اور اہل بیت علیہم السلام کے مصائب سننے اور ان پر گریہ کرنے کے لیے حاضر ہوتے تھے۔

حجت‌الاسلام والمسلمین انصاریان نے کہا: اس عظیم شخصیت کا وجود معرفتِ الٰہی، محبتِ الٰہی، خداوند متعال سے انس، تطہیرِ قلب، خواہشاتِ نفسانی سے اجتناب اور پست دنیوی تعلقات سے انقطاع کے لیے ایک روشن افق کی مانند تھا۔ جس شخص کے پاس بصیرت اور حقیقت شناس نگاہ تھی، وہ ان کی ذات میں ان حقائق کی جلوہ گری کا مشاہدہ کر سکتا تھا۔

انہوں نے اس بات پر تأکید کرتے ہوئے کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی معنوی شخصیت کے بارے میں ان کے بیانات طویل عرصے کے مشاہدات اور تعلقات کا نتیجہ ہیں، کہا: میں یہ باتیں سنی سنائی باتوں کی بنیاد پر بیان نہیں کر رہا بلکہ کئی دہائیوں کے دوران ان کی زندگی اور کردار میں ان حقائق کو خود مشاہدہ کیا ہے۔

حجت‌الاسلام والمسلمین انصاریان نے سورۂ احزاب کی آیت 39 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: آیت کریمہ «الَّذِینَ یُبَلِّغُونَ رِسَالَاتِ اللَّهِ وَ یَخْشَوْنَهُ وَ لَا یَخْشَوْنَ أَحَدًا إِلَّا اللَّهَ» ترجمہ: ’’وہ لوگ جو اللہ کے پیغامات پہنچاتے ہیں، اسی سے ڈرتے ہیں اور اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔‘‘ اولیائے الٰہی کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ اللہ کے پیغامات پہنچاتے ہیں اور دین کی تبلیغ کے راستے میں خداوند متعال کے سوا کسی سے خوف نہیں کھاتے۔ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) نے بھی کئی دہائیوں تک اسی جذبہ کے ساتھ معارفِ الٰہی کی تبلیغ کی اور ان کے خطابات قرآن، اسلام اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی تشریح و تبیین کے لیے وقف رہے۔

استادِ حوزہ علمیہ نے مزید کہا: آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) ان ممتاز شخصیات میں سے تھے جنہوں نے اپنی عمر معرفت، محبت، عبادت اور دین کی خدمت کے راستے میں گزاری۔ ان جیسی شخصیات معرفتِ خدا، تہذیبِ نفس، زبان اور شکم کی حفاظت، تفکر اور معارفِ الٰہی کی تبلیغ کے ذریعے عملی طور پر انسانیت کے کمال تک پہنچنے کا راستہ دکھاتی ہیں اور ان کی زندگیاں دینی معاشرے کے لیے ایک پائیدار نمونۂ عمل ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha