حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی، کراچی کے زیر اہتمام اور شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع قمبر شہدادکوٹ صوبہ سندھ کے زیر انتظام، سیلاب متاثرین کیلئے مستقل بنیادوں پر سرگرمیاں جاری ہیں اور اب تحصیل نصیرآباد اور وارہ میں 300 عدد، رضائیاں(لحاف) متاثرین کی خدمت میں مکمل عزت و شرف، مسالک و مکاتب سے بالاتر ہوکر اور استحقاق کے پیش نظر، رضاکاروں نے ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچائیں۔
گذشتہ 5 ماہ سے سندھ و بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مختلف امور میں فعالیت انجام دی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں اشیائے خورد و نوش، تبرک، خیمہ جات، ترپال(سائبان)، مچھر دانیاں، میڈیکل کیمپس، فراہمی آب، مکانات کیلئے سامان کی فراہمی، رضائیاں(لحاف) اور ہنگامی امداد جیسے دیگر امور میں فعالیت انجام پذیر ہورہی ہیں۔
الحمدللہ، ضلع قمبر شہدادکوٹ میں 700 متاثرین کو ان کے گھروں کی دہلیز پر اشیائے خورد و نوش اور مچھر دانیاں بھی فراہم کی گئی تھیں اور 205 خیمے متاثرین کے زمین بوس مکانات اور جائے پناہ پر بھی نصب کردیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ بھی متاثرین کیلئے تبرک کا انتظام کیا گیا تھا اور 40 مقامات پر میڈیکل کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2010ء سے اب تک سینکڑوں مستحقین کے مکانات اور بنیادی ضروریات تعمیر کی جاچکی ہیں، اس کے علاوہ مساجد کی تعمیرات اور مرمت، فراہمی آب کے منصوبوں پر کام کیا جاتا رہا ہے، محرم الحرام میں عشرہ مجالس کا انعقاد، ماہ رمضان المبارک میں تبلیغاتی سینٹرز کا قیام جیسے دیگر امور میں فعالیت انجام پذیر ہوتی رہتی ہے۔
رب کریم بحق محمدوآل محمد علیہم السلام، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کو اپنی تائیدات سے سرفرازی نصیب فرمائے اور ہمیں ان کی اطاعت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے اور زہرا (س) اکیڈمی کے اراکین، معاونین اور رضاکاروں کی توفیقات خیر میں بھی اضافہ فرمائے اور ان کی خدمات کو قبول و منظور فرمائے۔ آمین یارب العالمین
تبصرہ ارسال