حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم میں واقع "مرکز فرهنگی اجتماعی تبیان افغانستان" اور "تشکل فرهنگی سازندگی سردار دلها" کے تعاون سے افغان مہاجرین کے مختلف طبقات روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ گھروں کی مرمت اور بحالی میں حصہ لے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، جنگ کے آغاز ہی سے قم میں مرکز تبیان کے دفتر نے عوامی و رضاکارانہ تنظیموں کے ساتھ مل کر منظم انداز میں تعمیراتی مہم شروع کی، جس کے تحت دروازہ ری اور شہرک پردیسان سمیت مختلف علاقوں میں ملبہ ہٹانے اور تباہ شدہ گھروں کی مرمت کا کام انجام دیا جا رہا ہے۔ یہ مہم 23 مارچ سے سے شروع ہوئی تھی اور اب تک جاری ہے۔
ان سرگرمیوں میں مستری، الیکٹریشن، گچ کار، پلمبر اور عام مزدوروں سمیت مختلف فنی مہارت رکھنے والے افراد بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، جب کہ طلبہ اور دیگر رضاکار افراد کی شرکت نے تعمیر نو کے عمل کو مزید تیز کر دیا ہے۔
یہ خدمت اب اپنے چودھویں دن میں داخل ہو چکی ہے اور متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے اس پر افغان مہاجرین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ اقدام ایران اور افغانستان کے عوام کے درمیان اخوت، ہمدردی اور باہمی تعاون کی ایک خوبصورت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مرکز تبیان اور تشکل سازندگی سردار دلها نے مزید افغان مہاجرین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس رضاکارانہ مہم میں شریک ہوں۔









آپ کا تبصرہ