حوزہ نیوز اہجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی، کراچی کے زیر اہتمام، اور شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے زیر انتظام، تحصیل گڑھی خیرو کے سیلاب متاثرہ گاؤں پنہوں بھٹی میں 50 متاثرین کو مکمل عزت و احترام، مسالک و مکاتب سے بالاتر ہوکر اور استحقاق کے پیش نظر، محترم رضاکاروں نے 50 خیمے، متاثرین کے زمین بوس مکانات کے قریب اور جائے پناہ پر نصب کرکے دئیے۔
تمام تر قلت وسائل کے باوجود، گذشتہ 6 ماہ سے ملک کے طول و عرض میں بالخصوص سندھ و بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں جاری ہیں اور رضاکاران اور کارکنان شب و روز امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں جبکہ انہیں ناہموار اور دشوار گذار راستوں کو بھی عبور کرنا پڑتا ہے۔
تحصیل گڑھی خیرو کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 200 گھرانوں تک رضائیاں(لحاف) پہنچائی جاچکی ہیں اور اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تبرک امام حسین علیہ السلام بھی فراہم کیا جاتا رہا ہے اور 100 ترپال(سائبان) بھی متاثرین تک پہنچائی گئیں تھی اور اب تک 110 خیمے متاثرین کو نصب کرکے دئیے گئے ہیں۔
تحصیل گڑھی خیرو میں، قائد محترم کی سرپرستی میں فراہمی آب، مستحقین کے مکانات اور بنیادی ضروریات کی تعمیرات کی گئیں ہیں، محرم الحرام میں عشروں کا انعقاد، ماہ رمضان المبارک میں تبلیغاتی سینٹرز کا قیام اور دیگر شعبوں میں سارا سال فعالیت انجام پذیر ہوتی رہتی ہے۔
رب کریم کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ بحق معصومین علیہم السلام، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کو اپنی تائیدات سے سرفرازی نصیب فرمائے اور ہمیں ان کی اطاعت کرنے کی بھی توفیق نصیب فرمائے اور زہرا (س) اکیڈمی کے اراکین، معاونین اور رضاکاروں کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے اور ان کی خدمات کو قبول و منظور فرمائے۔ آمین یارب العالمین