۱۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۴ شوال ۱۴۴۵ | May 3, 2024
Hodjatoleslam Mohammad Taghi Sobhani

10 سال کی جدوجہد کے بعد شاہکار کتاب "الغدیر" کے جدید فارسی ترجمے کی رونمائی شبِ غدیر کو قم میں کی جائے گی۔

"حوزہ" نیوز ایجنسی کی رپورٹ  کے مطابق ایران میں امامت کلچرل فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر حجت الاسلام و المسلمین محمد تقی سبحانی نے ایران کے شہر قم میں حوزہ نیوز ایجنسی کے دفتر میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امامت کلچرل فاؤنڈیشن نے علامہ امینی کی مایہ ناز کتاب "الغدیر" کی جدید فارسی کے ترجمے کا بیڑہ اٹھایا تھا۔الحمد للہ اس کتاب کی تمام گیارہ جلدوں کا ترجمہ مکمل ہو گیا ہے۔

امامت کلچرل فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نے کہا: گرانقدر کتاب "الغدیر" کے جدید فارسی زبان میں ترجمے کی تقریب رونمائی اس سال عید غدیرِ خم کے ایام میں ملک کی نامور علمی شخصیات کی موجودگی میں منعقد کی جائے گی۔

حجت الاسلام سبحانی نے کہا: ہم اس اقدام کو آئندہ ایک سال کے دوران علامہ امینی(رہ) کی شخصیت کے تعارف اور غدیرشناسی کے لئے انتہائی عمدہ سرگرمیوں کا آغاز سمجھتے ہیں۔

انہوں نے شاہکار کتاب "الغدیر" کی خصوصیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: الغدیر ایک ادبی، تاریخی اور حدیثی انسائیکلوپیڈیا ہے اور اس میں معاشرے کی شناخت کاعلم اور مطالعہ بھی ہے۔اگر کوئی اس گرانقدر کتاب کا دقت سے مطالعہ کرے تو وہ ان نکات کی طرف متوجہ ہو گا۔

حجت الاسلام و المسلمین سبحانی نے مزید کہا: ماضی میں بھی بزرگان اور رائیٹر حضرات نے اس کتاب کے ترجمے کی کوشش کی اور وہ اس کتاب کے ترجمے کو شائع کرنے میں کامیاب بھی ہوئے لیکن اس کتاب کے پہلے ترجمے میں اشکال تھے اور وہ ترجمہ فارسی زبان والوں کے لئے کتاب "الغدیر" کی عظمت کو اجاگر نہ کر سکا۔

انہوں نے کتاب "الغدیر" کے پہلے ترجمے کے نواقص اور اشکالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مترجمین کا متعدد ہونا، اس کتاب کے کچھ حصوں کا ترجمہ نہ ہونا، اس کتاب کے ایک اہم حصے یعنی اشعار کا ترجمہ نہ ہونا یا غیر مناسب ترجمہ اور مترجمین  کا فارسی اور عربی زبانوں پر مسلط نہ ہونا اس کتاب کے پہلے فارسی ترجمے کے منجملہ اشکالات میں سے ہیں۔

امامت کلچرل فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نے آخر میں کہا: خوش آئند امر یہ ہے کہ ۱۰ سال قبل امامت و ولایت کی محبت کا دم بھرنے والے افراد کے ایک گروہ نے فیصلہ کیا کہ وہ اس عظیم کام کا ترجمہ کریں گے۔ڈاکٹر سید ابوالقاسم حسینی ژرفا نے اس عظیم کتاب کے ترجمے کی ذمہ داری قبول کی۔عربی زبان کے نامور استاد حجت الاسلام و المسلمین سید مہدی نبوی نے ابتداء ہی سے اس کام کی نظارت کا بیڑہ اٹھایا۔

واضح رہے کہ کتاب "الغدیر" پیغمبر اسلامﷺ کے بعد حضرت علیؑ کی امامت کے اثبات کے موضوع پر ہے۔یہ کتاب انتہائی سلیس ہےاور اس میں دوسروں کی توہین کئے بغیر مذکورہ موضوع پر بحث کی گئی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .