۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024

حوزہ/ پاکستان کے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور میں داتا علی ہجویری کے دربار کے قریب خود کش دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 8 افراد شہید جبکہ25زخمی ہوئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور میں داتا علی ہجویری کے دربار کے قریب خود کش دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ۸ افراد شہید جبکہ۲۵زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاہور لوئر مال پر داتا دربار کے قریب مین روڈ پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جو مزار کے قریب سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی تھی۔

پولیس اور ریسکیو حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے، ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ داتا دربار میں زائرین کو جانے سے روک کر جائے وقوع کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ میؤ اسپتال لاہور میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے،جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں میں میں شہری اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب کے کئی شہروں کا دورہ ملتوی کر دیا اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان کا کہنا ہے کہ داتا دربار کے باہر دھماکا 8 بجکر45 منٹ پرہوا، شہید افراد میں 3 ایلیٹ اہلکار، ایک سیکیورٹی گارڈ اور عام شہری شامل ہیں، 4 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکا خودکش تھا یا نہیں اس کا تعین کیا جا رہا ہے، سی ٹی ڈی سمیت دیگر ادارے کام کر رہے ہیں، دھماکے کی تحقیقات مکمل ہونے پر حقائق سامنے لائیں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .