حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم کی جانب سے کورونا وائرس کے خاتمہ کے لیے اعلان کیا گیا 'جنتا کرفیو' پورے ملک میں کامیاب رہا۔ ممبئی کے گنجان مسلم آبادی والے علاقہ ناگپاڑہ، مدنپورہ، بھنڈی بازار، محمد علی روڈ، ماہم، باندرا اور دیگر مقامات پر بھی جنتا کرفیو صد فیصد منایا گیا اس دوران مسلم تنظیموں نے ضرورت مندوں میں کھانے کے پیکیٹ بھی تقسیم کیے اور مختلف چوراہوں پر اذانیں دی گئیں۔ ساتھ ہی ساتھ طبی عملہ کی ستائش کے لئے شام پانچ بجے تالیاں بھی بجائی گئیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 27 رجب المرجب ہونے کی وجہ سے اور اس دن روزہ رکھنے کی بنا پر مسلمانوں کی ایک بڑی آبادی کو روزہ کھولنے کے لئے فروٹ و روزہ کی دوسری اشیاء دستیاب نہیں ہوئیں جس سے مسلمانوں میں پریشانی دیکھی گئی۔ علماء نے عوام سے اپیل کی تھی کہ جنتا کرفیو کے روز دوپہر 3؍بجے سے 4؍بجے کے درمیان اذانیں دی جائیں اور دعائیں کی جائیں۔
عوام نے علماء کی اپیل پر لبیک کہا اور پورے شہر کے گنجان مسلم علاقوں میں اذانیں دی گئیں جس میں بڑی تعداد میں نوجوان اور ضعیف لوگ شامل ہوئے۔
شام 5 بجے کے وقت طبی عملہ کی خدمات کو دیکھتے ہوئے ان کے لیے لوگوں نے تالیاں بجائیں، اسی کے ساتھ ساتھ لوگوں نے برتنوں کے ڈھکنوں پر بھی زور زور سے ہاتھ مار کر ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا اور اللہ کے حضور میں دعا کی کہ اللہ تعالی ہمارے ملک کے ایک ایک شخص کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھے۔