حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ایسی حالت میں ریکارڈ کیا گیا ہے کہ پورے ملک میں سخت لاک ڈاؤن جاری ہے۔
اس دوران دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دہلی میں چار لاکھ بے گھر افراد کے لئے عارضی رہائش اور دو وقت کا کھانا مہیا کرانے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی حکومت کے مطابق دوسو چوبیس رین بسیروں اور تین سو پچیس اسکولوں میں بے گھر افراد کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح تک اس ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد سات سو چوبیس اور مرنے والوں کی تعداد سترہ ہو چکی تھی۔ ہندوستان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس ملک کی ستائیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں میں سینتالیس غیر ملکی شہری ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد کیرل، مہاراشٹرا، کرناٹک، تلنگانہ، گجرات، راجستھان، اتر پردیش اور دہلی میں سب سے زیادہ ہے۔