بدھ 6 مئی 2020 - 05:13
 آیت اللہ اعرافی کا خط ہم سب کے لئے بہترین مشعل راہ ہے، ہندوستانی علماء

حوزہ/اہلبیت فاونڈیشن ھندوستان کے نائب صدر نے ھندوستان کے مذہبی علماء کے نام آیت اللہ اعرافی کے خط پر اظہار تشکر کیا ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہلبیت فاونڈیشن ھندوستان کے نائب صدر حجت الاسلام سید تقی عباس رضوی نے آیت اللہ اعرافی کی طرف سے ھندوستان کے مذہبی و دینی رہبران کے نام خط پر خوشی کا اظہار کیا ۔

حجت الاسلام سید تقی عباس رضوی نے کہا کہ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ حوزات علمیہ کے سربراہ حضرت مستطاب آیت اللہ اعرافی دامت برکاتہ آسمان علم و ادب کا وہ درخشندہ ستارہ ہیں جنہوں نے علمی و ادبی لحاظ سے نہایت وسیع و وقیع کام کیا ہے اور گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں کہ جو کئی ادارے بھی مل کر نہیں کر سکتے۔ بندہ حقیر تقی عباس رضوی کلکتوی نے ایک مدت جامعہ المصطفی قم میں رہ کر بہت قریب سے موصوف کی دینی اور علمی خدمات کو دیکھا ہے اس لحاظ سے یہ کہنا حق بجانب ہوگا کہ آیت اللہ اعرافی فلسفہ و عرفان اور دیگر حوزوی علوم و معارف کے یکتائے روزگار ماہر اور تخلیق و تحقیق ‘ تجزیے و تنقید کی دنیا کی نابغہ روزگار شخصیت ہی نہیں بلکہ  بہت باادب, با اخلاق, منکسرالمزاج شخصیت کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ مدارس دینیہ اور طلاب و اساتذہ کے نگہبان و پاسبان بھی ہیں.

انھوں نے کہا کہ میڈیا پہ موصوف کا نشر ہونے والا خط جو انہوں نے کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک خاص ہندوستان کے دینی سربراہوں اور روحانی پیشواؤں کو لکھا ہے حقیقت میں انکے صالح افکار و نظریات ، خالصانه ہمدردی، والہانہ محبت کی بلندی پرواز اور انکے  زاویہ نگاہ کی وسعت پر بین دلیل ہے ہم ملت تشییع ہندوستان ایسے کٹھن دور اور پر آشوب حالات میں اس ہمدردی کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے. ناچیز اپنی اور اپنے انجمن شیعہ ٹوڈے، رضویہ اسلامک ریسرچ سینٹر اور اہلِ بیت فاؤنڈیشن کے تمام اراکین کی جانب سے خاص مصیبت زدوں کی طرف سے حضرت آيت اللہ اعرافی صاحب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ہم سب آپ کے صحت و سلامتی اور بابرکت طول عمر کی دعا کرتے ہیں۔

اسی طرح ھندوستان کے مشہور محقق و مبلغ دین مبین اسلام حجت الاسلام ڈاکٹر علی قمر نے آیت اللہ اعرافی کی طرف سے ھندوستان کے مذہبی و دینی رہبران و علماء کے نام ارسال کئے گئے خط کو حکیمانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم سب کے روحانی باپ حوزہ ہای علمیہ ایران کے سربراہ حضرت آیت اللہ اعرافی دام عزہ کا ہندوستانی دینی و مذہبی علماء و طلاب کرام کے نام خط نظروں سے گزرا۔ آپ نے اپنی علمی اور سیاسی بصیرت کے مطابق حالات کا جائزہ لیکر بہترین نکات اور نہایت مفید مشورے پیش کئے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ موجودہ دور میں دینی و مذہبی علماء کی ذمہ داری یقینا دوچنداں ہو گئی ہے۔ ایسے موقع پر آیت اللہ اعرافی کا یہ خط ہم سب کے لئے بہترین مشعل راہ ہے۔ ہم اس سلسلہ میں انکے نہایت شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی آپکے مخلصانہ مشوروں سے تمام دینی و مذہنی علماء و رہبران مستفید ہوتے رہینگے۔ خداوند متعال کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ انکو طول عمر و صحت و عافیت عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .