۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
جلوس عماری

حوزہ/ ضلع جونپور کے بڑا گاؤں سے ہر سال 8 ربیع الاوّل کو نکلنے والا جلوس عماری اس سال برآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے ضلع جونپور کے بڑا گاؤں سے ہر سال 8 ربیع الاوّل کو نکلنے والا جلوس عماری اس سال برآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ عالمی وبا کورونا کی وجہ سے لیا گیا ہے تاکہ زائرین جلوس عماری کو صحت سے متعلق کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔ اس سلسلے میں حسینی مشن، قصبہ بڑا گاؤں، ضلع جونپور نے باضابطہ ایک اعلان جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ "میں وسیم حیدر ہاشمی، ہر خاص و عام خصوصاً فرقہ جعفریہ کے افراد سے مخاطب ہوں۔ مجھے جناب سید وسیم حیدر رضوی، صدر حسینی مشن، قصبہ بڑا گاؤں، ضلع جونپور نے درج ذیل اعلان کرنے کی ہدایت فرمائی ہے: یہ کہ امسال قصبہ بڑا گاؤں، ضلع جونپور کے مشہور 'جلوس عماری' کو برآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس اعلان میں مزید لکھا گیا ہے کہ "جیسا کہ آپ حضرات واقف ہیں کہ یہ قدیمی جلوس ہے اور اس جلوس میں تقریباً 50 ہزار افراد کی شمولیت ہوتی ہے جس کی کورونا وبا سے حفاظت ناممکن ہے۔ اس سلسلہ میں ہمارے مرجع حجت الاسلام والمسلمین آقائی سید سیستانی صاحب قبلہ کی ہدایت بھی موجود ہے کہ آپ حضرات کورونا وبا کے سلسلہ میں ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کریں۔ اس کے علاوہ ہماری حکومت کی بھی یہی منشا ہے جس کے مدنظر جلوس عماری نہ برآمد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

اعلان میں جلوس عماری برآمد نہ ہونے پر افسوس کا بھی اظہار کیا گیا ہے اور لکھا گیا ہے کہ "گو کہ یہ فیصلہ انتہائی تکلیف دہ ہے اس لیے اس کے کئی نعم البدل پر غور کیا گیا، لیکن اس سلسلہ میں کوئی دوسری صورت نہ تھی۔ اگر صرف قرب و جوار و مضافات کے لوگوں کی شمولیت کے ساتھ جلوس نکالنے کا فیصلہ کرتے تب بھی کم از کم 5 ہزار افراد کی شرکت ضرور ہو جاتی، جس کو طبی ہدایات کے ساتھ منظم کرنا ناممکن نظر آ رہا تھا۔ لہٰذا میں زائرین جلوس عماری سے بصد ادب گزارش کرتا ہوں کہ امسال عماری کے روز اپنے گھروں میں ہی رہیں تاکہ آیت اللہ سیستانی صاحب قبلہ، سرکار اور طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محفوظ رہ سکیں۔

جاری کردہ اعلان کے آخر میں لکھا گیا ہے کہ "ان شاء اللہ آئندہ برس ہم لوگ دوگنی تعداد میں امام مظلوم کی خدمت میں کربلا کے اس تاریخی سانحہ کا پرسہ، شاندار جلوس عماری کی صورت میں پیش کریں گے اور یقیناً تب تک امامؑ کے صدقے اور طفیل میں کورونا کی وبا ضرور ختم ہو چکی ہوگی۔" قابل ذکر ہے کہ اس سال 8 ربیع الاول 25 یا 26 اکتوبر (رویت حلال کے مطابق) کو پڑنے والی ہے جب جلوس عماری برآمد ہوتا، لیکن اب اس سال یہ جلوس نہیں نکل پائے گا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .