حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانس میں حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخئ اور فرانسیسی صدر کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ناقابل برداشت ہے مسلمانوں کے نزدیک سب سے زیادہ عظیم ہستی رسول کریم ؐ ہیں جن کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ۔
انھوں نے کہا کسی بھی مہذب ملک اور قوم کو یہ زیب نہیں دیتا کہ دوسرے ادیان کے مقدسات کی توہین کرے فرانسیسی میگزین نے دوبارہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اس فعل قبیح کو انجام دے کر مسلمانوں کو رنجیدہ کیا ہےجس پر پوری دنیا کے مسلمان شدید احتجاج کر رہے ہیں ۔
انھوں نے کہا آزادی اظہار رائے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی جائےمسلمان اپنی جان پر کھیل کر اپنے پیارے نبیؐ کی حرمت کا دفاع کریں گے ،انھوں نے کہا کہ فرانسیسی حکام نفرت انگیز بیانات سے انتہا پسندی کو ترویج دے رہے ہیں جس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے ،اس سے پہلے کہ حالات قابو سے باہر ہوجائیں فرانس کو اپنے اس مجرمانہ فعل پر معافی مانگنی چاہئیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے فرانسیسی سفیر کو طلب کر کی شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے تاہم تمام مسلم ممالک کو اس قابل مذمت ، نفرت آمیز اور منظم اسلامو فوبیا مہم کے خلاف ٹھوس اور موثر اقدامات کرنا ہونگے۔