حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا ایف سی کے نوجوانوں کی شہادت پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ملک دشمن طاقتین اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے ملک کے امن و سکون کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندستانی خفیہ ایجنسی را اپنے آلہ کاروں کے ذریعے جن مذموم عزائم کی تکمیل چاہتی ہے اس میں وہ کامیاب نہیں ہو گی۔بلوچستان میں شدت پسند تنظیموں کی بیرونی معاونت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ کالعدم جماعتوں کی کمین گاہوں کے مکمل تدارک کے بغیر امن و امان کا قیام محض ایک خواب ہے۔
مزید کہا کہ دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے انتہا پسند عناصر کی بیخ کنی ضروری ہے۔ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور قوم کو اپنے شہداءپر فخر ہے۔ایسے واقعات قوم کے حوصلوں کو پسپا نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کے خلاف بلوچستان میں کاروائیاں تیز کرنا ہو گی۔ان عناصر کوقانون کے شنکجے میں لانا انتہائی ضروری ہے جو مذہب و مسلک کا نام استعمال کر کے اور کبھی محرومیوں کا رونا رو کر معصوم افراد کو ملک اور قوم کے خلاف دشمنی پر اکساتے ہیں۔ملک کاکوئی بھی فرد آئین سے بالاتر نہیں۔
آخر میں کہا کہ پاکستان میں بسنے والا ہر شخص پر آئین کااحترام لازم ہے۔شدت پسند عناصر ملک کے آئین سے منحرف ہیں اور سزا کے مستحق ہیں۔انہوں نے شہداءکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر کے لیے دعا بھی کی۔