حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، والقلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ مبارک پور اعظم کی جانب سے وسیم رضوی کے خلاف شدید مذمت کرتے ہوئے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اللہ کی واحد ایسی کتاب ہے جس میں ذرہ برابر بھی تحریف نہیں ہوئی ہے۔ توریت، زبور اور انجیل بھی کلام الہی ہے لیکن انہیں خود ان کے ماننے والوں نے تبدیل کردیا ہے جس کے نتیجہ میں وہ ہدایت سے محروم ہو چکے ہیں۔ آج اسلام دشمن طاقتوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی طرح مذہب اسلام اور اس کے مقدسات میں شک و شبہات پیدا کر کے مسلمانوں کو ان سے دور کیا جائے۔
یہ اسلام دشمن عناصر جب دشمن کے لباس میں آئے تو ناکام ہوگئے اسی لیے آج انہیں آلہ کار کی ضرورت ہوئی۔ سلمان رشدی ہو کہ تسلیمہ نصرین یا وسیم رضوی یہ سب دشمن کے آلہ کار ہیں۔ انہیں بس اشارہ ہوتا ہے اور یہ اسلام کے خلاف بولنے لگتے ہیں۔ وسیم رضوی قرآن مخالف ہے۔ اس نے تو اس کلام الہی میں تبدیلی کی بات کی ہے جس کو چودہ صدیاں گزرنے کے بعد بدلا نہ جا سکا۔ کوششیں بہت ہوئیں مگر سب ناکام۔ بڑے بڑے آئے قرآن کے مقابلہ میں مگر سب مٹ گئے اور قرآن اسی شان سے عالمین کی ہدایت کر رہا ہے۔
یہ وسیم رضوی جسے عربی کا علم تک نہیں اس کی کیا اوقات کہ قرآن میں معاذ اللہ خامیاں نکالے۔ اب تو یہ پوری دنیا کی نگاہوں میں گر چکا ہے اور عذاب جہنم کا مستحق ہوچکا ہے۔اللہ دشمنان اسلام کو نابود کرے اور مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق قائم کرے۔
ہم اراکین والقلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ مبارکپور وسیم رضوی کے اس قبیح عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کے امن وامان کو بگاڑنے کے اور مسلمانوں اور ملک کے تمام انصاف پسند لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے جرم میں وسیم رضوی اور اس جیسے تمام عناصر پر سخت اور بروقت کاروائی کرے ۔