۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر اسلام آباد

حوزہ/ استاد حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر اسلام آباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب کسی کا دل محبت حسین علیہ السلام سے مزین ہو جائے تو پھر وہ شخص راہ حسینی میں نکلتے ہوئے اپنی جان، مال اور کسی چیز کی پروا نہیں کرتا۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ شب ولادت باسعادت نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم، جگر گوشہ بتول سلام اللہ علیہا، ثانی حیدر علیہ السلام، محافظ اسلام، فخر انبیاء، تاج اوصیاء، سید الشہداء حضرت امام حسین ابن علی علیہما السلام کی مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں جشن میلاد کی ایک نورانی محفل سجائی گئی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا جس کا شرف حافظ علی منتظر مہدی نے حاصل کیا۔ اس کے بعد جامعہ ھذا کے طالب علم منور علی شگری اور عرفان رضا نے امام عالی مقام کی شان میں ثناء خوانی کرتے ہوئے عاشقان امام کی مسرت و ولولہ میں اضافہ کیا۔ محفل میں طالب علم کاشف جوادی نے امام کی شان میں عقیدت سے بھر پور اپنا تازہ کلام پیش کیا۔ بعد از آں جامعہ کے شعلہ بیاں خطیب مولانا رضوان حیدر نے امام حسین علیہ السلام کے فضائل و مناقب کو قرآن و حدیث کی روشنی میں پرجوش انداز میں بیان كيا۔

محفل سے کلیدی خطاب استاد جامعہ علامہ انور علی نجفی نے کیا۔ اپنے خطاب میں علامہ انور علی نجفی نے محبت حسین علیہ السلام کو ایک بڑی سعادت قرار دیتے ہوئے شرکاء کو حب حسین علیہ السلام کے تقاضوں پر پورا اترنے کی تاکید و نصیحت فرمائی۔

انہوں نے فرمایا دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز محبت حسین علیہ السلام ہے۔ جب کسی کا دل محبت حسین علیہ السلام سے مزین ہو جائے تو پھر وہ شخص راہ حسینی میں نکلتے ہوئے اپنی جان، مال اور کسی چیز کی پروا نہیں کرتا۔ 

اس محفل کی نظامت کے فرائض طالب علم ذوالقرنین حیدر نے انجام دئیے۔ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر محفل میں مکمل طور پر ایس او پیز کا خیال رکھا گیا اور پروگرام کا دورانیہ مختصر رکھا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .