حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ خدمت زائرین قم کی جانب سے ماہ مبارک رمضان میں روضہ معصومہ قم (س) میں عشرہ رحمت، عشرہ مغفرت، عشرہ نجات کے عنوان سے ماہ مبارک رمضان کی محافل و مجالس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق،بعد نماز مغربین دارالتلاوہ حرم مطہر میں عشرہ رحمت کی 9ویں مجلس عزاء کا آغاز کلام مجید کی تلاوت سے مولانا سید ابرار شاہ نے کیا۔ جن مومنین نے ان مجالس میں تعاون کیا ان تمام کے مرحومین کی بخشش و مغفرت کے لیے اجتماعی قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس سے حجت الاسلام المسلمین مولانا فیصل رضا عسکری صاحب نے رحمت و حضرت خدیجہ کبری نہج البلاغہ کی نظر میں کے موضوع پر خطاب کیا۔
مسئول شعبہ خدمت زائرین جناب ناصر عباس نقوی انقلابی نے ماہ رمضان المبارک کی محافل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے توہین رسالت کے حوالے سے کہا کہ جب سلمان رشدی نے توہین رسالت کی تھی تو امام خمینی رہ نے واجب القتل کا فتویٰ دیا تھا اور کہا تھا ہماری مملکت بچے یا نہ بچے مگر اسلام کا پرچم بلند ہونا چاہئے۔
اسکے بعد ماتمی گلدستہ کریمہ اہلبیت سلام اللہ علیہا نے نوحہ خوانی و ماتمداری کی اور آخر میں تفسیر القرآن الکوثر کے لئے قرعہ کشی کی گئی جس میں مولانا عباس حیدر توحیدی کا نام نکلا۔ لوگوں کے درمیان شرعی مسئلہ کے تعلق سے حجت الاسلام و المسلمین ذوالفقار حیدر نے بیان کیا اور اسکے بعد زیارت امام حسین علیہ السلام سے مجلس کا اختتام کا اختمام کیا گیا۔