۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
محرم

حوزہ/ شیعہ اور سنی بلا تفریق مذہب و ملت شہدائے کربلا کا غم عقیدت و احترام سے منانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔  اس موقع پر املو بازار میں واقع شبیہ روضہ امام حسین  علیہ السلام کی تزئین کاری اور آرائش قابل دید ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مبارک پور،اعظم گڑھ۔ماہ محرم کا چاند نمودار ہو گیا ۔نواسۂ رسول خدا ،سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں رونے اور رلانے کا مخصوص مہینہ آگیا۔یاحسین ؑ یا حسین ؑ کی غمناک صداؤں سے فضا گونجنے لگی۔قریہ قریہ ،شھر شھر ہر طرف داستان کربلاروایتی انداز میں دہرائی جانے لگی۔چھوٹے بڑے،جوان بزرگ،عورت مرد سب ایک نئے جوش و جذبہ کے ساتھ فرزند زھراء حضرت امام حسین ؑ اور ان کے بہتر ساتھیوں کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرکے نو حہ و ماتم ،گریہ و بکا میں مشغول ہوگئے۔ہر سال کی طرح اس سال بھی  املو مبارکپور اور اطراف میں گزشتہ رات سے امام بارگاہوں میں فرش عزا بچھ گیا ،مجالس کا سلسلہ شروع ہو گیا۔گھروں میں عورتوں کی مجلسین بھی ہونے لگیں۔اماباڑوں پر سیاہ علم نصب کر دئے گئے۔امام حسین ؑ کے عزاداروں نے اپنے اپنے گھروں پر  سیاہ پرچم لگا دئے ہیں ۔شیعہ اور سنی بلا تفریق مذہب و ملت شہدائے کربلا کا غم عقیدت و احترام سے منانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔  اس موقع پر املو بازار میں واقع شبیہ روضہ امام حسین  علیہ السلام کی تزئین کاری اور آرائش قابل دید ہے۔

آگیا ماہ عزا گزشتہ رات سے امام بارگاہوں میں بچھ گیا فرش عزا اور مجالس کا سلسلہ شروع ہو گیا
مولانا ابن حسن واعظ املوی

ماہ محرم اسلامی کلینڈر کا پہلا اسلامی مہینہ ہے جس کی آمد پر مولانا ابن حسن واعظ املوی بانی و سر پرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو،مبارک پور نے اخبار کے لئے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام کی نظر میں سال کے بارہ مہینوں میں دو مہینے اپنی عظمت و اہمیت اور برکت و فضیلت کے اعتبار سے جدا گانہ خصوصیت و انفرادیت و امتیازیت کے حامل ہیں۔ایک ماہِ رمضان المبارک ۔دوسرے ماہِ محرم الحرام۔ماہِ رمضان روزہ کا مہینہ ہے ۔تو ماہ محر م عزا کا مہینہ ہے۔ماہ رمضان عبادت کا مہینہ ہے ۔تو ماہ محرم حرمت کا مہینہ ہے۔ماہ رمضان میں دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔تو ماہ محرم میں بھی دعائیں قبول ہو تی ہیں۔کتابوں میں ہے کہ ماہ محرم میں ہی حضرت آدم ؑ کی توبہ قبول ہوئی۔ ماہ رمضان میں سونا عبادت ہے ۔تو ماہ محرم میں بھی مہموم و مغموم کی نیند عبادت ہے۔ماہ رمضان میں سانس لینا تسبیح ہے۔تو ماہ محرم میں بھی یاد حسین ؑمیں سرد آہ بھرنا تسبیح ہے۔ماہ رمضان میں تلاوت قرآن کی بہار ہے۔تو ماہ محرم میں غم حسین ؑ میں رونے کی بہار ہے۔ماہ رمضان میں شب قدر ہے جو ھزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے ۔تو ماہ محرم میں بھی عاشور کی رات ہے جو شب قدر سے کہیں افضل ہے۔

آگیا ماہ عزا گزشتہ رات سے امام بارگاہوں میں بچھ گیا فرش عزا اور مجالس کا سلسلہ شروع ہو گیا
شبیہ روضہ امام حسین ؑ املو  مبارک پور 

آخر میں مولانا نے عزادروں سے اپیل کی ہے کہ کورونا گائڈ لائن کے مطابق مجالس وغیرہ میں عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کریں ۔اور ہر طرح سے سے امن و امان کا خیال رکھیں۔خاص طور سے دعا کریں کہ کورونا وبا کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو ۔ہمارے ملک ہندوستان میں ہر ایک ہندوستانی  شھری کے جان و مال و عزت و آبر و کی حفاظت ہو۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .