حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،املو مبارکپور،اعظم گڑھ/ ماہ رمضان وہ مبارک مہینہ ہے کہ کہ جس کی پہچان قرآن سے ہے:جیسا کہ ماہ رمضان میں روزانہ پڑھی جانے والی دعاء میں ہم کہتے ہیں’’اے علی و عظیم و غفور و رحیم خدا! یہ ایسا ماہ رمضان ہے جس میں تونے قرآن نازل کیا ہے‘‘ماہ رمضان بھی خدا طرف نسبت کے سبب سے ’’شہر اللہ ‘‘یعنی اللہ کا مہینہ کہاجاتا ہے اور قرآن بھی خدا کی طرف نسبت کی وجہ سے ’’کتاب اللہ‘‘ یعنی اللہ کی کتاب کہا جاتا ہے۔شاید یہی وجہ ہو سکتی ہے کہ حدیث میں ہے کہ ’’جو شخص اس مہینہ میں قرآن مجید کی ایک آیت پڑھے تو اس کے لئے دوسرے مہینوں میں قرآن کے ختم کرنے کا ثواب خدا عنایت فرماتا ہے‘‘۔حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے:’’ماہ مبارک رمضان میں قرآن کریم نازل ہوا اس لئے قرآن اور ماہ رمضان کے درمیان ایک رابطہ ہے۔ جس طرح بہار کے موسم میں عالم طبیعت اور انسان ایک خاص شادابی اور دوبارہ حیات اور زندگی اور زندگی کا مالک ہوتا ہے۔ رمضان، قرآن کی بہار بھی ہے‘‘۔
ان خیالات کا اظہار حجۃ الاسلام الحاج مولانا ابن حسن املوی واعظ بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو مبارکپور نے بتاریخ ۲۸؍ماہ رمضان المبار ک بروز شنبہ بوقت ۸؍بجے شب حسینی مسجد محلہ محمود پورہ املو میں تقریب ختم قرآن و تقسیم انعامات کے موقع پر اپنے خطاب دوران کیا۔
مولانا نے مزید فرمایا کہ آئیے اب ہم قرآن اورماہ رمضان کے تعلق سے چند مشترک اہم خصوصیات پر توجہ مبذول کرتے ہیں۔
(۱)قرآن اور رمضان کی پہلی اہم مشترک خصوصیت تقویٰ ہے:
جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا: ’’اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے، تاکہ تم متقی بن جاؤ۔‘‘ (البقرۃ: ۱۸۳)
قرآن کریم سے استفادہ کی بنیادی شرط بھی تقویٰ ہے۔جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد قرآن کریم میں ہے:
’’ یہ کتاب ایسی ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں، یہ ہدایت ہے متقیوں یعنی اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والوں کے لیے۔‘‘(سورہ بقرہ ،آیت : ۲)
(۲)دوسری مشترک خصوصیت شفاعت ہے:
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ:
’’روزہ اور قرآن کریم دونوں بندہ کے لیے شفاعت کرتے ہیں۔ روزہ عرض کرتا ہے کہ: یااللہ! میں نے اس کو دن میں کھانے پینے سے روکے رکھا، میری شفاعت قبول کرلیجئے، اور قرآن کہتا ہے کہ: یا اللہ! میں نے رات کو اس کو سونے سے روکا ، میری شفاعت قبول کرلیجئے، پس دونوں کی شفاعت قبول کرلی جائے گی‘‘۔
(۳)تیسری خصوصیت جو رمضان اور قرآن دونوں میں مشترک طور پر پائی جاتی ہے:
قربِ الٰہی : یعنی اللہ تعالیٰ کے کلام کی تلاوت کے وقت اللہ تعالیٰ سے خاص قرب حاصل ہوتا ہے، ایسے ہی روزہ دار کو بھی اللہ تعالیٰ کا خاص قرب حاصل ہوتا ہے کہ روزہ کے متعلق حدیثِ قدسی میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ:’’ روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا‘۔
حجۃ الاسلام مولانا غلام پنجتن صاحب قبلہ قمی مبارکپوری نے اپنی تقریر کے دوران فرمایا کہ ماہ رمضان کی شان اور پہچان قرآن ہے۔ماہ رمضان تلاوت قرآن کا موسم بہار ہے۔قرآن کا پڑھنا بھی عبادت ہے،قرآن کا سننا بھی عبادت ہے،قرآن کا دیکھنا بھی عبادت ہے۔
اس موقع پر ماہ مضان میں ایک مہینہ روزانہ ۸؍بجے شب میں حسینی مسجد محلہ پورہ محمود املو میں مسلسل تلاوت قرآن میں شرکت کرنے والے قریب چالیس بچے اور بچیوں کو علماءوعمائدین کے بدست خوبصورت انعامات تقسیم کئے گئے۔جس کا سارا اہتمام حاجی محمد علی کربلائی ابن محمد بشیر کربلائی مرحوم اور مومنین کے تعاون سے اور حجۃ الاسلام مولانا شمیم حیدر ناصری معروفی پرنسپل مدرسہ امامیہ املو کی نگرانی و سرپرستی میں انجام پایا۔حجۃ الاسلام مولانا محمد مہدی املوی قمی استاد مدرسہ امامیہ املو نے ختم قرآن کی دعاء پڑھائی اور پروگرام کی نظامت بحسن و خوبی انجام دی۔ اس موقع پر مومنین نے بھی کافی تعداد میں شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ