۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ عبدالخالق اسدی

حوزہ/ ملک دشمن دہشت گرد عناصر ظلم اور دہشت گردی کے ذریعے عزاداری نواسہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قدغن لگا رہے ہیں تو دوسری جانب پولیس میں موجود کالی بھیڑیں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر طرح طرح کے قدغن لگا رہے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے، اس سازش کو سمجھیں اور دشمنوں کے امن مخالف عزائم کو حُب الوطنی و دانائی کے ساتھ خاک میں ملا دیں، اس تعصب اور نا اہلی کا فوری نوٹس لیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کمالیہ میں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر درج کیے جانے والے مقدمے پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین عبادت کی انجام دہی میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہمارا جرم بن گیا اور کمالیہ میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے پولیس نے ہماری عبادت یعنی عزاداری کو جرم بنا کر اس کی پاداش میں بانی مجلس پر مقدمہ درج کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی شوریٰ کے اراکین سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی شوریٰ کے اراکین میں ڈاکٹر افتخار نقوی، رائے ناصر علی ،سید حسین زیدی ،سید انوار زیدی، علامہ غلام عباس جعفری، سید حسن کاظمی ،علامہ حسن رضا ہمدانی و دیگر عہدیداران شامل ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں موجود عزاداری دشمن متعصب اہلکاروں اور افسران کی موجودگی امن و امان کیلئے شدید خطرہ ہے۔ کمالیہ میں درج ہونے والی ایف آئی آر تعصب پر مبنی ہے اس بات کا واضح اندازہ یکم محرم الحرام یعنی 10 اگست کو ہونے والی مجلس عزاء پر 23 اگست کو جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا، عزاداری امام حسین علیہ السلام ہماری عبادت ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان اور پاکستانی آئین و قانون کی روشنی میں ہر شہری کو مذہبی عبادات کی انجام دہی کا پورا حق حاصل ہے جبکہ پولیس کے رویے سے صاف واضح ہے کہ وہ نہ صرف قائد اعظم کے فرمان کو جھٹلانے کی سازش کر رہے ہیں بلکہ مادر وطن پاکستان کا آئین و قانون بھی پیروں تلے رونادھونا ان سے بعید نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر سخت زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں خلفشار پیدا کرنے والے ان دشمنوں کے آلہ کاروں کے عزائم فاش کریں۔ ایک طرف ملک دشمن دہشت گرد عناصر ظلم اور دہشت گردی کے ذریعے عزاداری نواسہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قدغن لگا رہے ہیں تو دوسری جانب پولیس میں موجود کالی بھیڑیں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر طرح طرح کے قدغن لگا رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، اس سازش کو سمجھیں اور دشمنوں کے امن مخالف عزائم کو حُب الوطنی و دانائی کے ساتھ خاک میں ملا دیں، اس تعصب اور نا اہلی کا فوری نوٹس لیا جائے۔

 علامہ عبد الخالق اسدی نے مزید کہا کہ عزاداری امام حسین (ع) پر قدغن لگانے اور مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو دیوار سے لگانے کی سازش کرنے والے اِس مٹی کے غداروں سے عدالت میں حساب کیا جائے گا ہر قسم کی پُر امن و قانونی چارہ جوئی کیلئے ہمہ وقت آمادہ ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .