حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے وفد کے ہمراہ بہاولنگر کا دورہ کیا، شہدائے بہاولنگر کے خانوادوں اور زخمیوں کی دل جوئی کیلئے امدادی رقوم تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ شہدائے بہاولنگر کی یاد میں چہلم منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا. بہاولنگر کے شیعہ عمائدین و اکابرین نے اس کڑے وقت میں علاقے کے مومنین کی دلجوئی کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے میں زخمی ہونے والے مومنین کی مالی معاونت میں تعاون کرنے والے تمام مومنین بالخصوص ہیوسٹن ٹیکساس کے مومنین کی توفیقات خیر میں خدا اضافہ فرمائے۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے بہاولنگر کے غیور مومنین سے گزارش کی ہے کہ چہلمِ شہدائے بہاولنگر 3 اکتوبر بروز اتوار کو جامعہ زہرا میں منعقد کیا جائے گا. مومنین نے خوف کی اس فضا کو جذبہ ایمانی سے ختم کرنے کے عزم کے ساتھ چہلم میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔
مومنین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو انکے قبیح عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اس چہلم میں بھرپور شرکت کر کے یہ پیغام دیں گے کہ تمہارے بم دھماکے اور سازشیں ہمیں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام منانے سے کبھی نہیں روک سکتے۔ وفد میں علامہ عبدالخالق اسدی کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین صوبائی کابینہ کے اراکین علامہ غلام عباس جعفری، برادر سید انوار الحق زیدی اور برادر سید سجاد نقوی شامل تھے۔