حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ سید احمد اقبال رضوی نائب سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کی وزیر قانون پنجاب جناب راجہ بشارت سے ملاقات ہوئی جس میں پنجاب بھر میں عزاداری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر محرم اور چہلم امام حسین علیہ سلام کے موقع پر درج کی گئی ایف آئی آرز واپس لینےکا فیصلہ کیا گیا ساتھ ہی ناجائز طور پر 4th شیڈول میں شامل کیئے گئے عزاداروں کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔اس کے علاوہ دیگر تحفظات کو بھی دور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
اعلی سطحی ملاقات کے بعد سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے چنیوٹ اور لاہور سے دھرنے کی کال کو مؤخر کر دیا اور اعلان کیا کہ مذاکرات میں منظور شدہ مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو 4 جون 2021ء کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہونگے۔