۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
علامہ باقر زیدی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ شہر اس وقت لاوارث نظر آرہا ہے اور کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا، ہم کراچی کے تمام مسائل پر جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہیں، شہر کی عوام کو مزید بہتر طریقے سے آگاہی دی جائے، عوام سے اپیل ہے کہ کراچی کے مسائل پر ہر شخص انفرادی طور پر بات کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے، مسلم پرویز اور برجیس احمد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی سے وحدت ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ صادق جعفری، علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن اور میر تقی ظفر بھی ملاقات میں شریک تھے۔

رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور  شہر قائد کے انتظامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے مشترکہ میڈیا ٹاک میں کراچی کی حالت زار پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ جماعت اسلامی نے 28 مارچ کو حقوق دو کراچی ریلی منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی شہر مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے، جنہیں حل کرنے میں کوئی جماعت دلچپسی نہیں لے رہی، مجلس وحدت مسلمین کے پاس آنے کا مقصد مذکورہ مسائل کے حل کے لئے تعاون کا حصول ہے، دونوں جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی عوام کے مسائل کے حل کے لئے نتیجہ خیز ثابت ہوسکتی ہے، کراچی شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے مختص کیا جانے والا گیارہ سو ارب کا پیکج ہوا میں تحلیل ہوگیا ہے، ہم عوام کے ساتھ مل کر اس کا حساب لیں گے۔

علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ شہر اس وقت لاوارث نظر آرہا ہے اور کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا، ہم کراچی کے تمام مسائل پر جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہیں، شہر کی عوام کو مزید بہتر طریقے سے آگاہی دی جائے، عوام سے اپیل ہے کہ کراچی کے مسائل پر ہر شخص انفرادی طور پر بات کرے۔

انہوں نے کہا کہ میگا سٹی کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنایا جائے، گذشتہ چالیس سالوں میں ٹرانسپورٹ کا نظام درھم برہم ہوگیا ہے، 3.5 کروڑ سے زیادہ آبادی والے شہر میں اب تک عوام کو پانی کے بحران کا سامنا ہے، نہ کوئی نظام ہے جس کے ذریعے شہر میں پانی کی مکمل ترسیل کی جائے۔

دریں اثناء حافظ نعیم الرحمٰن نے علامہ باقر عباس زیدی کو حقوق دو کراچی ریلی کا دعوت نامہ دیا، مجلس وحدت مسلمین رہنماؤں کی جانب سے شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .