حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت آیۃ اللہ العظمی سید محمد سعید الحکیم رہ کی رحلت جانسوز پر مدرسہ علمیہ الامام القائم (عج) قم ایران کی جانب سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
انا للہ و انا الیہ راجعون
باسمہ تعالیٰ
انا للہ و انا الیہ راجعون رضا ۔۔۔
قال امیر المومنین علیہ السلام : اذا مات العالم ثلم فی الاسلام ثلمۃ لا یسدھا شئی الی یوم القیامۃ
ایام عزا روز شہادت سید الساجدین حضرت امام علی بن الحسین ؑ عالم تشیع کے عظیم المرتبت مرجع عالی قدر حضرت آیۃ ا۔۔۔ العظمی سید محمد سعید الحکیم رہ کی رحلت سے مومنین کرام کے درمیان مزید سوگ چھا گیا ہے ، آپ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ دین اور اہل بیت علیہم السلام کی خدمت میں گزارا اور اس راہ میں جان فرسا دشمنان اسلام کے مظالم کو برداشت کیا ، دینی خدمات اور انسانی حمایت کی خاطر آپ کو عراق کے زندان میں جن مظالم کا سامنا کرنا پڑا انہیں سنکر آج بھی روح کانپ اٹھتی ہے اور دل تڑپنے لگتا ہے، بر صغیر اور بر اعظم افریقہ کے مومنین کرام سے آپ کی عقیدت اور عظیم خدمات کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا، یقینا ایسے مخلص علمائے اعلام کا دنیا سے چلے جانا وہ خلا ہے جو کبھی بھر نہیں سکتا ، بے شک آپ کی کتابیں، شاگرد ،طلاب علوم دینی کی حمایت ، زائرین کرام کی خدمات اور مومنین کے ساتھ ہر طرح کا تعاون آپ کو ہمیشہ یاد رکھے گا اور آپ عند اللہ ماجور ہوں گے ۔
ہم اس عظیم سانحہ پر امام وقت ارواحنا لہ فدا ، مراجع کرام، ملت تشیع خاص کر ان کے عزیز و اقارب کی خدمت میں تسلیت عرض کرتے ہیں اور خدا کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ مرحوم و مغفور کو ان کے اجداد طاہرین کے ساتھ محشور فرمائے ۔
شریک غم:
مسئولین و اساتید و طلاب مدرسه علمیہ الامام القائم(عج)