۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
خاتم المحدثین شیخ عباس قمی ؒکی مشہور زمانہ کتاب "سفینۃ البحار "کا اردو ترجمہ "نفحات الاخبار" کے نام سے شائع ہوا 

حوزہ/ محقق جوان حجۃ الاسلام مولانا سید شاہد جمال رضوی گوپال پوری نے کتاب "سفینۃ البحار "کا اردو زبان میں ترجمہ کیا ہے اور اس کا نام "نفحات الاخبار ترجمہ سفینۃ البحار " رکھا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،"سفینة البحار"ایک مشہور زمانہ اور معرکۃ الآراء کتاب ہے ، اس کے مؤلف محقق بصیر و محدث جلیل حضرت شیخ عباس قمیؒ ہیں جن کی شخصیت کسی بھی ملک و زبان کے لئے محتاج تعارف نہیں ہے، آپ نے "مفاتیح الجنان"نامی کتاب لکھ کر جہاں مکتب تشیع پر احسان کیا ہے وہیں ایک شیعہ کو اپنے معبود سے قربت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ فراہم کر دیا ہے۔ یہ بات اطمینان سے کہی جاسکتی ہے کہ "مفاتیح الجنان" ہر شیعہ کی اہم ترین ضرورت ہے اور تقریباً ہر شیعہ گھر میں یہ کتاب موجود ہے اور شیعہ اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔

آپ کی جن اہم کتابوں کو بہت زیادہ شہرت حاصل ہوئی ان میں سے ایک "سفینة البحار"بھی ہے ،یہ کتاب علامہ مجلسیؒ کی شہرۂ آفاق کتاب "بحار الانوار" کا خلاصہ ہے اور الف با کی ترتیب سے اس کے موضوعات کی فہرست بھی ہے ۔ ان موضوعات کی تعداد ١٧٠٠ سے زیادہ ہے۔مؤلف نے اس میں ہر موضوع سے متعلق بعض احادیث نقل کرکے مزید تفصیل کے لئے بحار الانوار کا حوالہ دے دیاہے تاکہ قارئین و محققین تفصیل کے لئے اصل کتاب کی جانب رجوع کرسکیں اور آسانی سے اپنے مطلب کی حدیث تک رسائی حاصل کرسکیں۔آپ نے دیگر ابواب میں موجود موضوع کی احادیث کو بھی ایک جگہ جمع کردیا ہے جس سے کتاب کی اہمیت میں اور اضافہ ہوجاتاہے ۔

حقیقت یہ ہے کہ شیخ عباس قمیؒ نے یہ کتاب لکھ کر ایک محقق اور احادیث ائمہ طاہرین ؑسے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کو بحار الانوار جیسے عظیم دائرة المعارف تک رسائی کو بہت آسان بنادیاہے ۔اس تناظر میں اس کا ترجمہ بے حد ضروری بھی ہے اور وقت کی اہم ترین ضرورت بھی ۔الحمد للہ محقق جوان حجۃ الاسلام مولانا سید شاہد جمال رضوی گوپال پوری نے اس اہم ترین ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس کا اردو زبان میں ترجمہ کیا ہے اور اس کا نام "نفحات الاخبار ترجمہ سفینۃ البحار " رکھا ہے ۔پوری کتاب آٹھ جلدوں پر مشتمل ہے جس کی دو جلدیں سردست مکتبۃ الرضا لاہور (پاکستان )سے شائع ہوئی ہیں اور تیسری اور چوتھی جلدیں زیر طباعت ہیں ۔

مولانا سید شاہد جمال رضوی کا قلمی سفر بڑی تندی سے جاری و ساری ہے ، انہوں نے مختلف موضوعات پر اہم کتابوں کا ترجمہ کیاہے اور اہم کتابیں تصنیف و تالیف کی ہیں جن میں فروغ غدیر ، نسیم ولایت ، نورانی راستہ ، انوار غدیر اور زندہ شہید وغیرہ کا نام لیا جاسکتاہے  ، زیر نظر کتاب"نفحات الاخبارترجمہ سفینۃ البحار " کو آپ کے کارناموں میں اہم اضافہ قرار دیا جاسکتاہے ۔

امید قوی ہے کہ کتاب دوست افراد اس کتاب کا خاطر خواہ استقبال کریں گے اور مؤلف گرامی قدر کے لئے دعائے مغفرت کے ساتھ مترجم عزیز کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے ۔ یہ کتاب ابھی پاکستان میں دستیاب ہے ، خواہشمند حضرات مندرجہ ذیل نمبر پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں ۔
00923234151214

خاتم المحدثین شیخ عباس قمی ؒکی مشہور زمانہ کتاب "سفینۃ البحار "کا اردو ترجمہ "نفحات الاخبار" کے نام سے شائع ہوا 
مترجم کتاب: حجۃ الاسلام مولانا سید شاہد جمال رضوی گوپال پوری

تبصرہ ارسال

You are replying to: .

تبصرے

  • Ali Muhammad PK 05:14 - 2022/10/15
    0 0
    دینی کتابیں دین و مذھب کے عظیم سرماٸے ھوتے ھیں۔ ان اشاعت وحفاظت سب کی ذمہ داری ھے