حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،فرقۂ تیجانیہ کے رہنما شیخ ابوبکر میگا طویل علالت کے بعد74سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔حکومت نے اس عظیم فقدان پر تین روزہ سوگ اور ایک دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
شیخ ابوبکر میگا افریقی بزرگ علماء اور فرقۂ تیجانیہ کی پانچ بااثر شخصیات اور افریقی مغربی ممالک کے سیاست دانوں میں سے ایک تھے کہ جنہوں نے اپنی زندگی کو اسلام کے حقائق کے فروغ اور شریعت کے دفاع میں گزارا اور کینسر کی مہلک بیماری میں طویل عرصہ مبتلا رہنے کے 74سال کی عمر میں دارفانی کو الوداع کہتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم شیخ ابوبکر میگا،شیعوں اور اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں سے خاص دلچسپی رکھتے تھے اور مذہب تشیع اور فرقۂ تیجانیہ کے مابین معمولی اختلافات کے باوجود مرحوم ہمیشہ برکینا فاسو میں شیعوں کی تقریبات اور محافل میں شرکت کرنے کی حتی الامکان کوشش کرتے تھے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ افریقہ میں تیجانی علمائے کرام اور رہنما سیاسی اور سماجی اثر و رسوخ کے اعتبار سے بہت بااثر ہیں،یہاں تک کہ حکومتی سطح پر کسی کی برطرفی ہو یا تقرریاں اور اداروں میں تبدیلیاں براہ راست ان کے حکم پر منحصر ہیں۔