حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،معروف سماجی تنظیم جعفری کونسل جموں و کشمیر کی جانب سے امرسنگھ کلب سرینگر میں 55 مستحق جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر غریب اور یتیم جوڑوں نے نئی زندگی کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔ غریب بیٹیوں کو باعزت انداز میں رخصت کیا گیا اور انہیں شادی بیاہ کا ضروری سامان بھی فراہم کیا گیا۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں جوڑوں کے نزدیکی رشتہ داروں و علمائے کرام اور ديگر افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جعفری کونسل کے سربراہ حاجی مصدق نے کہا کہ موجودہ حالات میں مہنگائی جہیز اور دیگر دشواریوں کے باعث ہماری دسیوں ہزار لڑکیاں عمر کی حدیں پار کر چکی ہیں غریب اور مفلس والدین اپنے اولاد کی شادیاں کرنے سے قاصر ہیں اسی سلسلے میں ہم نے اجتماعی تقريبات کو فروغ دینے کے لئے کوششیں کی اور الحمد للہ آج تک سات سو کے قریب مستحق جوڑوں کی شادیاں کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ غریب یتیم اور نادار لڑکوں لڑکیوں کی شادیوں کا سلسلہ ہم مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ عوامی حلقوں نے جعفری کونسل کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل میں بھی اس طرح کی کوششیں جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔