حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی سے سری لنکا ہائی کمیشن کے ڈیفینس ایڈوائزر منسٹر کونسل بریگیڈیر شیونتھ کلاتنگے نے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ایس یو سی کی جانب سے سیالکوٹ واقعے کی مذمت اور سری لنکن عوام سے اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے برادرانہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے پر شیعہ علماءکونسل پاکستان اور دیگر سیاسی مذہبی جماعتوں کی جانب سے مذمت اور رد عمل نے ثابت کیا کہ یہ واقعہ انسانیت کے خلاف تھا اور سری لنکن عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام حق و انصاف پر پختہ یقین رکھتی ہے۔
اس موقع پر شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے واقعے کو ظلم و سفاکیت سے تعبیر کرتے ہوئے سری لنکن ہائی کمیشن کے منسٹر کونسلر ڈیفنس بریگیڈیر کلاتنگے کو یقین دلایا کہ وہ اس واقعہ پر انصاف کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے اور انصاف کی حتمی فراہمی کے لیے تمام مراحل پر نظر رکھی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے جو انسانیت کی بقاء کا ضامن ہے۔انہوں نے اس واقعہ کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوری انصاف سری لنکن عوام کے دکھوں کا مداوا ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک سری لنکا تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے عوامی سطح پر تعلقات کو مذید استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔