حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لیہہ/انجمن جمعیة العلماء اثنا عشریہ کرگل، لداخ کی جانب سے آج لیہہ کے چھوشوت علاقہ میں ضرورت مند افراد میں کمبل تقسیم کئے گئے۔ یہ کمبل ورلڈ فیڈریشن کی جانب سے جمعیت العلما اثنا عشریہ کو ضرورت مند افراد میں تقسیم کرنے کی غرض سے پہونچائے گئے تھے۔ کمبل کی تقسیم مجلس علماء لیہہ کے آفس میں انجام پائی گئی جہاں پر مجلس علمائے لیہہ کی جانب سے ترتیب دی گئی فہرست کے ذریعہ کمبلوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس دوران جمعیت العلماء اثنا عشریہ کے بزرگ عالم دین و رکن حجۃ الاسلام شیخ علی نقی مبلغی، اثناعشریہ یوتھ کے صدر لیاقت علی اور مجلس علمائے لیہہ کے حجۃ الاسلام شیخ منظور کے ہاتھوں سے تقسیم کئے گئے۔
اس دوران انجمن معین الاسلام لیہہ اور ترتک ٹیاقشی کے اہل سنت و نوربخشہ فرقہ سے تعلق رکھنے والے ضرورت مند افراد میں بھی یہ کمبل تقسیم کرنے کی غرض سے پہونچائے گئے ہیں ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترتک کے معروف سماجی کارکن غلام حسین غلو نے کہا کہ وہ ورلڈ فیڈریشن اینڈ اور جمعیت العلما اثنا عشریہ کرگل کے شکر گذار ہیں کہ جنہوں نے موسم سرما کے ان سخت ترین ایام میں اُنکے علاقے سے تعلق رکھنے والے ضرورمند افراد کا خیال رکھا اور ان تک کمبل پہنچائے۔
جبکہ اس دوران اثنا عشریہ یوتھ کے صدر لیاقت علی نے میڈیا کو بتایا کہ جمعیت العلما کا ایک اہم ہدف خطہ لداخ میں آباد ضرورت مند مسلمانوں تک پہنچنا ہے اور ان کی دادرسی کرنے کی کوشش کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگوں تک پہنچنے اور لوگوں کی مشکلات حل کرنے کی یہ کوشش آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ورلڈ فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے خطہ لداخ کے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھ کر یہ کمبل ان تک پہنچائے۔