حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ یمن میں سعودی اماراتی فوجی اتحاد کی بدترین جارحیت اور مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام فوراً بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے کے دوران ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، صوبائی ترجمان علامہ مبشر حسن و دیگر نے خطاب کیا، اس موقع پر علامہ علی انور جعفری، میر تقی ظفر، آصف صفوی، صابر کربلائی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے امریکا، اسرائیل اور آل سعود کے خلاف نعرے بلند کئے، شرکاء نے مظلوم یمنی مسلمانوں کے خلاف سعودی اماراتی اتحاد کی بدترین جارحیت کے خلاف تحریروں پر مبنی مذمتی پلے کارڈز ْبھی اٹھا رکھے تھے۔
علامہ باقر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمن، فلسطین محض علاقائی مسئلے نہیں، یہ اسلامی و عالمی مسئلے ہیں، عالم اسلام کو درپیش سنگین مسائل پر امت مسلمہ کو یک زبان ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین، یمن سمیت دنیا بھر کے مسلمان عالم استکبار کے نرغے میں ہیں، اسلامی تعاون تنظیم میں موجود عرب ممالک نے مسلم امہ کو سخت مایوس کیا ہے، دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام پر مسلم ممالک کی خاموشی لاتعداد سوالات پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں تناؤ کی یہ صورتحال عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی تحریکوں کو امریکا اور حواریوں کے ایماء پر دبانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ احتجاجی مظاہرے کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے ہوا۔