حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مغربی ایران کے خوزستان صوبے کے آبادان شہر میں ایک عمارت کے گر جانے کے سبب کئي افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے افسوسناک واقعے پر رہبر انقلاب اسلامی نے ایک پیغام میں اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی۔ اس کے ساتھ ہی آپ نے متعلقہ عہدیداروں کو حکم دیا ہے کہ جانی نقصان کو روکنے کے لیے تیز کارروائي کے ساتھ ہی اس واقعے کے ذمہ داروں کو پکڑ کر عبرت ناک سزا دی جائے اور یقینی بنایا جائے کہ ملک میں اس قسم کے حادثات دوبارہ نہ ہوں۔
رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام اور ان کے حکم کا متن، جو آبادان بھیجی گئي ٹیموں کی رپورٹوں اور اس سلسلے میں تازہ ترین اقدامات کے جائزے کی غرض سے صدر مملکت کی شرکت سے منعقد ہونے والے ایک ہنگامی اجلاس میں پڑھا گيا، حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
آبادان کا افسوسناک واقعہ؛ جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے تیز رفتاری اور تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے علاوہ، جو اس وقت سب سے اہم ترجیح ہے، عدلیہ کے تعاون سے حادثے کے ذمہ داروں کو پکڑنے اور انھیں عبرت ناک سزا دینے اور ملک کے دیگر تمام مقامات پر اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے وسیع کوشش کی ذمہ داری بھی ملک کے ہم تمام ذمہ داروں کے کندھوں پر ہے۔
میں حکومتی عہدیداروں کی ان چند دنوں کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سلسلے میں مکمل سنجیدگي کے ساتھ کارروائی کو ضروری سمجھتا ہوں اور اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔
سید علی خامنہ ای