۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل

حوزہ / اسلام آباد پریس کلب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی،ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء ثاقب اکبر نقوی،مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء ناصر عباس شیرازی اور علامہ حسنین گردیزی نے پاکستانی صحافیوں کے  اسرائیل دورہ سے متعلق اظہارِ تشویش کے لئے پریس کانفرنس کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد پریس کلب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی، ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء ثاقب اکبر نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء ناصر عباس شیرازی اور علامہ حسنین گردیزی نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل دورہ سے متعلق اظہارِ تشویش کے لئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے سربراہ سے ملاقات کرنے والے وفد کو غدار قرار دیکر عبرت ناک سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا: سرزمین مملکت خداداد پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ ہے۔ پاکستانی صحافیوں کی اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں اہلِ فلسطین کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہیں۔ پاکستان کے غیور عوام ہر طرح کی قربانی کے لیے تیار ہیں اور قائداعظم کی بنائی فلسطین پالیسی سے ایک حرف بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماوں نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل دورہ سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا: حکومت اسرائیل دورہ پر خاموش ہے جس سے قوم میں مزید بے چینی پائی جاتی ہے۔

رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملہ پر فی الفور قوم کو وضاحت دی جائے اور اسرائیل جانے والے صحافیوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل دورہ پر حکومت خاموش ہے۔ ہم سپہ سالار افواج پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملہ پر سخت ایکشن لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا "اسرائیل؛ امریکہ اور مغرب کی ناجائز اولاد ہے ہم کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے"۔ آج پاکستانی صحافیوں کا اسرائیل جانا نہ صرف محمد علی جناح کی توہین ہے بلکہ آئین پاکستان سے سنگین غداری ہے ۔پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی فکر پاکستان کی نظریاتی بنیادوں سے سنگین غداری ہے۔

انہوں نے مزید کہا: حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر عرب ممالک کے دباؤ میں اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی گئی تو احتجاج کا نہ رکنے والے سلسلہ شروع ہو جائے گا۔پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .