حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں برسر اقتدار بی جے پی کی قومی ترجمان نوپور شرما اور جندل کی جانب سے پیغمبر رسالت ؐ کی شان اقدس میں دئے گئے گستاخانہ ریمارکس پر جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ و بزرگ مذہبی و سیاسی رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانان عالم کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رسول رحمت ؐ کی ذات گرامی ہے لہذا اس عظیم اور مقدس ہستی کی جانب میلی آنکھ اٹھانا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور پیغمبر اکرم ؐ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی زبان کاٹ دینی چاہئے۔
مولانا نے کہا کہ شدت پسند بی جے پی ملک بھر میں مسلمانوں کے جذبات اور قیمتی جانوں کے ساتھ آئے روز کھلواڑ کررہی ہے اور سیکولرازم کے دعویدار ہندوستان میں مسلمانوں کی تنصیبات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے اور کبھی حجاب، کبھی اذان،کبھی گورکھشا کا بہانہ بنا کرڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے جو انتہائی افسوسناک اور شرمناک افعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاہب اور عقائد کا احترام آئین ہند اور عالمی قوانین کے بنیادی شقوں میں ہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والے شدت پسند عناصران قوانین کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں۔ انہوں نے توہین رسول ؐ کے مرتکب بی جے پی غنڈوں کے خلاف سخت سے سخت ترین کاروائی کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں اقوام عالم سے بھی مداخلت کا مطالبہ کیا۔