حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان میں برسر اقتدار بی جے پی کی قومی ترجمان نوپور شرما اور جندل کی جانب سے پیغمبر رسالت ؐ کی شان اقدس میں دئے گئے گستاخانہ ریمارکس پر شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے سخت مذمت کرتے ہوئے ان جیسے گستاخوں کو قرارِ واقعی سزا دیئے جانے کا ہندوستانی حکومت اور عدلیہ سے مطالبہ کیا ہے۔
مکمل مذمتی بیان اسطرح ہے؛
وَمَا اَرْسَلْنَاکَ اِلَّا رَحْمَۃً لِلْعَا لَمِیْنَ
اور ہم نے آپ( محمدؐ) کو عالمین کے لئے صرف رحمت بنا کر بھیجا ہے
(سورۂ انبیاء ، آیت 107)
افسوس! وطن عزیز ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف منظم طور پر نفرت پھیلانے کا جو سلسلہ چل رہا ہے اِس کی انتہا اُس وقت ہوگئی جب برسر اقتدار پارٹی کی ایک ترجمان خاتون” نُپُر شرما“ نےٹی وی چینل اور دہلی یونٹ کے میڈیا انچارج” نوین جِندل“نے ٹیوٹر پر رسولِ رحمت ؐ کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے ایسے رکیک جملے استعمال کئے جن کو نقل کرنا بھی گناہ ہے۔
اِس سے بھی زیادہ افسوس اِس بات پر ہے کہ مرکزی سرکار نےتقریباً 10 دن تک اِس گناہ پر خاموشی اختیار کئے رکھی اور مسلمانوں کے احتجاج کے باوجود گستاخوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔
لیکن جب بیرونِ ملک مسلمانوں کی جانب سے شدید احتجاج ہوا تب اِن کو صرف پارٹی سے نکال دیا گیا ! اور یہ ایکشن بھی پارٹی نے لیا سرکار نے نہیں ، جبکہ ایکشن سرکار کو لینا چاہئے تھا، یہ انصاف نہیں ہے !
انصاف تو یہ ہے کہ اِن دونوں اور ان جیسے دیگر گستاخوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرکے قرارِ واقعی سزا دی جائے، یہی ہمارا ہندوستانی حکومت اور عدلیہ سے مطالبہ ہے۔
شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان
8 جون 2022 مطابق 7 ذیقعدہ 1443 ہجری