۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
ہندوستان میں ریلوے اسٹیشن پر نماز ادا کرنے کے خلاف ہنگامہ

حوزہ/ گورکھپور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر نماز ادا کرنے کے خلاف چند شدت پسندوں نے ہنگامہ کیا اور معاملہ کو سی پی آر او کے حوالے کرتے ہوئے نمازی شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے گورکھپور ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص کے نماز ادا کرنے کا ویڈیو وائرل ہورہا ہے، جس میں نظر آرہا ہے کہ مذکورہ شخص پلیٹ فارم نمبر ایک کے گوشہ میں خاموشی کے ساتھ نماز ادا کر رہا ہے اور آس پاس کے لوگ وہاں آرام کرہے ہیں جنکو اس شخص کے نماز ادا کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اس عمل سے کوئی پریشانی ہے۔

لیکن کسی نے نماز پڑھتے ہوئے شخص کا ویڈیو بنایا اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد چند ہندو شدت پسندوں نے اس عمل کے خلاف احتجاج کیا اور معاملہ کو سی پی آر او کے حوالے کرتے ہوئے مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

وہیں شمالی ریلوے کے سی پی آر او پنکج کمار سنگھ نے بتایا کہ کیس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نماز پڑھنے والے کا پتہ لگایا جائے گا۔

نماز کے بعد پلیٹ فارم پر نماز پڑھنے سے متعلق سوال کرنے پر نمازی نے کہا کہ اسے ٹرین پکڑنی ہے۔ آس پاس کوئی مسجد نظر نہیں آئی اور ایسی کوئی جگہ نظر نہیں آئی جہاں نماز ادا کی جاسکے۔ اس لیے اس نے یہاں نماز ادا کی۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو ہفتہ کی دوپہر کا ہے، جب مسافر پلیٹ فارم کے ایک گوشہ میں خاموشی کے ساتھ نماز ادا کر رہا ہے۔ نماز پڑھنے والے مسافر نے بتایا کہ قریب میں مسجد نہ ہونے کی وجہ سے اس نے یہاں نماز پڑھی۔ وہیں آر پی ایف اس وائرل ویڈیو کی جانچ کر رہی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .