پشاور میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گرد کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ ملکی سلامتی کیلئے ہمیں بھرپور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدتِ مسلمین شعبہ امور خارجہ کے سربراہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے اپنے بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں، دہشت گرد فعال ہیں اور شدت پسندی و تکفیری سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے ملک کے قانون ساز اداروں میں فرقہ وارانہ اور انسان کش بل پاس کئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم علامہ اقبال اور جناح کے وارث ہیں ہم ملک کو انسان کشی اور تکفیریت کا گڑھ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے حالیہ دھماکے میں شہید و زخمی ہونے والوں کیلئے انتہائی ہمدردانہ جذبات کا اظہار کیا اور ان کے لواحقین سے کہا کہ یہ ساری قوم آپ کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان شاءاللہ ظالموں کو دنیا و آخرت میں ذلت نصیب ہو گی۔