حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی معروف عالم دین آیت الله سید محمد تقی مدرسی نے، حوزہ ہائے علمیه عراق اور یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسئلہ ہر سطح پر معاشرے کی ترقی میں بڑا کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراقی معاشرہ اور نوجوان ثقافتی یلغار کا شکار ہیں، لہٰذا ہم میں سے ہر ایک کو اس سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیئے اور حوزه ہائے علمیه اور یونیورسٹیوں کے مابین تعاون اور شراکت کے ذریعے عراقی معاشرے کے علمی اور مذہبی ڈھانچے کی تعمیر نو کرنی چاہیئے، کیونکہ اس کا معاشرے کے افراد کی تربیت اور انہیں غیر ملکی ثقافتوں سے دور رکھنے میں بہت بڑا کردار ہے۔
آیت الله مدرسی نے یونیورسٹیوں کے نصاب کو تبدیل کرنے اور اس سے دنیا کی وسیع سائنسی اور تکنیکی ترقیات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر بھی تاکید کی اور تعلیمی بورڈز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کریں اور صرف الیکٹرانک تعلیمی آلات تک محدود نہ رہیں۔