۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
آیت مدرسی

حوزه/ عراقی مایہ ناز عالم دین آیت اللہ مدرسی نے حضرت عیسیٰ (ع) کے پیروکاروں کو ان کے اور دیگر انبیائے الٰہی کے اصولوں کو قبول کرنے کی دعوت دی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی مایہ ناز عالم دین آیت اللہ سید محمد تقی مدرسی نے نئے عیسوی سال کی آمد کے موقع پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیروکاروں کو آنحضرت اور دیگر انبیائے الٰہی کے اصولوں کو قبول کرنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ تمام انبیائے الٰہی کا خدا اور پیغمبروں پر ایمان اور وہ قیامت کے دن انصاف پر متفق ہیں، مزید کہا کہ اگر تمام بنی نوع انسان اس مسئلے کے گرد جمع ہو جائیں تو ان کیلئے انبیائے الٰہی کی عدم موجودگی میں سامنا کرنے پڑنے والے تمام بحرانوں کا حل ممکن ہے۔

آیت اللہ مدرسی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مخلوقات کو اپنی رحمت سے پیدا کیا تاکہ ان پر مہربانی کرے، لیکن انسان جن و انس، خواہشات نفسانی اور شیاطین کی پیروی کر کے اس رحمت الٰہی سے جدا ہو گیا، اسی لئے انسانوں کو مختلف قسم کے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عراقی شیعہ عالم دین نے روس اور یوکرائن کے درمیان لڑی جانے والی لاحاصل جنگ میں ملوث اور پس پردہ رہ کر اس جنگ کو ہوا دینے والے ممالک کو اپنی رفتار و گفتار پر نظر ثانی کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان جنگوں سے بنی نوع انسان کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا اور طول تاریخ میں ایسی کئی بیہودہ جنگیں جن کا بنی نوع اِنسان کو سامنا رہا ہے، وہ بے مقصد جنگیں تھیں۔

انہوں نے دینی علمائے کرام کو تمام آسمانی مذاہب کی عظیم بنیادوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی دعوت دی اور کہا کہ یہ بنیادیں تمام بنی نوع انسان کیلئے حق، انصاف، ترقی و خوشحالی اور انسانی حقوق کیلئے اجتماعی کوششیں ہیں۔

آیت اللہ مدرسی نے آخر میں، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کی کہ وہ آنے والے نئے عیسوی سال بنی نوع انسان کیلئے خیر و برکت اور ترقی کا ذریعہ قرار دے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .