حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی برجستہ عالم دین آیت اللہ سید محمد تقی مدرسی نے کہا: عراقی عوام اپنی حکومت سے کئی توقعات رکھتے ہیں لہذا وہ اپنے مسائل کے سطحی اور جزئی حل کو قبول نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا: عراق ایک ایسا ملک ہے جس کے پاس ترقی و پیشرفت کے تمام عناصر موجود ہیں جن میں امکانات، قدرتی وسائل اور توانائی کے مختلف ذرائع شامل ہیں اور اس کے پاس انسانی وسائل بھی ہیں اور یہ سب سے وہ اہم چیزیں ہیں جن کے ساتھ اس ملک اور عراقی عوام کے مستقبل کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: دنیا میں بہت سے ممالک ایسے ہیں جو اپنے وسائل اور توانائی کا صحیح طریقے سے استعمال کر کے چند سالوں میں ہی کئی بحرانوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
آیت اللہ سید محمد تقی مدرسی نے کہا: عراق کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونے کے لیے پرعزم افراد اور طویل المدتی منصوبوں کی ضرورت ہے لیکن یہ بات بھی ذہن نشین کرنی چاہئے کہ مالی اور قدرتی وسائل سے درست استفادہ کا بہترین انتظام کیا جانا چاہیے اور کسی بھی قسم کے اسراف سے بچنا چاہیے۔