۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
جناب علی احمد نوری الہدیٰ فاونڈیشن

حوزه/ پاکستانی معروف علمی اور سیاسی شخصیت علامہ سید ثاقب نقوی کے انتقال پر چیئرمین الہدیٰ فاونڈیشن بلتستان علی احمد نوری نے نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین الہدیٰ فاونڈیشن بلتستان پاکستان علی احمد نوری نے پاکستانی معروف علمی اور سیاسی شخصیت علامہ سید ثاقب نقوی کے انتقال پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی، فرہنگی، ثقافتی، تنظیمی اور بین المسالک ہم آہنگی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آہ! آسمان علم و دانش کے مہر درخشان، قلزم تحقیق و ادب کے گوہر نایاب، میدان تہذیب و ثقافت کے شہسوار، مایہ ناز عالم، مفکر، مربی، دانشور، ادیب، شاعر، مصنف، مولف، مترجم، محقق، نقاد، تجزیہ نگار، عربی، فارسی اور اردو کے صاحب طرز قلمکار، قومی تحریکوں کے مرکزی کردار، اتحاد بین المسلمین کے علمبردار، سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، رکن مرکزی نظارت آئی ایس او پاکستان، ڈپٹی جنرل سکریٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان، چیئرمین البصیرہ ٹرسٹ اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے دیرینہ رفیق جناب حجۃ الاسلام سید علی نقی معروف بہ ثاقب اکبر نقوی ملک و ملت کا عظیم سرمایہ تھے اب ہم میں نہیں رہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریق رحمت فرمائے!

انہوں نے مزید کہا کہ برادر بزگوار سید ثاقب اکبر نقوی کی رحلت ملت پاکستان، حلقہ علم و دانش اور تنظیمی احباب کے لیے ایک ناقابل تلافی حادثہ ہے۔

الہدیٰ فاونڈیشن بلتستان کے سربراہ نے کہا کہ مرحوم ثاقب نقوی طاب ثراہ ملی اثاثہ تھے۔ ملی تنظیموں کے ساتھ مرحوم کے طویل فکری، علمی، تحقیقی، ادبی اور ثقافتی روابط رہے ہیں جنہیں ہرگز نہیں بھلایا جاسکتا۔ الہدیٰ فاونڈیشن بلتستان مرحوم ثاقب نقوی طاب ثراہ کی رحلت پر عالم اسلام، ملت پاکستان، تشنگان علم وادب، مرحوم کے حلقہ احباب اور لواحقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے اور ان کے علمی و فکری مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔

شریک غم: علی احمد نوری

چیئرمین الہدیٰ فاونڈیشن بلتستان

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .