حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدس ایران میں مولانا حسنین عباس گردیزی اور مولانا اصغر عسکری سے اظہارِ تعزیت کے لئے محفلِ قرآنی کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق،جامعۃ الرضا علیہ السلام اسلام آباد کے قم المقدس ایران میں مقیم طلباء کی طرف سے قرآن خوانی اور قرآن مجید میں تدبّر کے حوالے سے ایک نورانی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ دو حصّوں پر مشتمل اس محفل کے پہلے حصّے میں مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے تلاوتِ قرآن اور فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ دوسرے حصّے میں تعلیمات دین، مہدویّت اور قرآن مجید میں تدبّر کے حوالے سے ماہرِ تعلیم جناب ڈاکٹر نثار ہمدانی نے انتہائی سبق آموز گفتگو کی۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں علمِ دین کی اہمیت، قرآن مجید میں تدبرّکے مختلف زاویوں اور دینی طلباء کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز موسسہ شہید عارف حسینی کے ایک طالب علم سلیم رضا کی والدہ کا بھی انتقال ہو گیا تھا۔ ڈاکٹر صاحب نے اُن کی بھی دلجوئی فرمائی اور علمِ دین کی اہمیت اور اس کے حصول میں درپیش مشکلات اور ان کے اجروپاداش کے حوالے سے بھی روشنی ڈالی۔ بعد ازاں سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا ، جس میں علم و معرفت کے مختلف درجات اور حضرت امام زماں ؑکے ظہور کے مختلف پہلو زیرِ بحث آئے۔