حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایک ٹرائل کورٹ نے ملیانہ قتل عام کیس میں 36 سال بعد 41 ملزمان کو بری کر دیا ہے، جو کہ 1987 میں میرٹھ میں پی اے سی کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کے مقدمے میں ملوث تھے۔
23 مئی 1987 کو یوپی میں میرٹھ شہر کے مضافات میں واقع ملیانہ گاؤں میں کم از کم 72 مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، مسلمانوں کے خلاف تشدد کے اتنے سنگین معاملے میں عدالتی فیصلے سے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو شدید دکھ پہنچا ہے۔
جمعہ کو نچلی عدالت کی طرف سے ملزمین کو بری کیے جانے کو ناقدین نے نا انصاف اور دھوکہ دہی سے تعبیر کیا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی کئی تنظیموں نے ملیانہ فسادات میں پولیس کے ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے ہیں۔
سینیئر صحافی قربان علی جنہوں نے فسادات کی تفصیل سے کوریج کی، ان کا کہنا ہے کہ عدالت میں جمع کرائی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق کم از کم 36 افراد کے جسموں پر گولیوں کے نشانات تھے۔
ملیانہ تشدد کیس میں عدالت کے 26 صفحات پر مشتمل فیصلے میں تشدد کی دل دہلا دینے والی تفصیلات درج کی گئی ہیں: ایک نوجوان کی گردن میں گولی لگنے سے موت ہو گئی، ایک باپ کو تلوار کے وار سے قتل کیا گیا، اور ایک پانچ سالہ بچے کو آگ لگا دی گئی ۔
ملیانہ قتل عام سے ایک دن پہلے 22 مئی کو پی اے سی کے جوان مسلم اکثریتی ہاشم پورہ میں داخل ہوئے اور مسلمانوں کا قتل عام کیا، پی اے سی کے جوانوں نے یہاں سے 48 جوانوں کو باہر نکالا اور ان میں سے 42 کو گولی مار دی گئی۔ اس کے بعد ان کی لاشیں دریا اور نہر میں پھینک دی گئیں۔ وہاں 6 افراد بچ گئے جنہوں نے بتایا کہ اس دن کیا ہوا تھا۔
تاہم، 2018 میں، دہلی ہائی کورٹ نے ہاشم پورہ میں مسلمانوں کے قتل عام کے الزام میں PAC کے 26 سابق جوانوں کو عمر قید کی سزا سنائی۔