۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
دو روزہ محبان وطن مرکزی یوتھ کونسل اجلاس اور انتخابات / علامہ تصور حسین مہدی وحدت یوتھ کے مرکزی صدر منتخب

حوزہ / ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی جانب سے وحدت یوتھ پاکستان کا دو روزہ محبان وطن مرکزی یوتھ کونسل اجلاس جامع امام الصادق (ع) اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے وحدت یوتھ پاکستان کا دو روزہ محبان وطن مرکزی یوتھ کونسل اجلاس جامع امام الصادق (ع) اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں اراکین مرکزی یوتھ کونسل نے کثرت رائے سے علامہ تصورحسین مہدی کو وحدت یوتھ پاکستان کا مرکزی صدر منتخب کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے نومنتخب یوتھ صدر سے عہدے کا حلف لیا۔

قبل ازیں تین نام مرکزی یوتھ کونسل کے سامنے پیش کیئے گئے جن میں سید سجاد نقوی، علامہ تصور حسین مہدی اور حسن رضا شامل تھے، مرکزی رکن شوریٰ عالی علامہ اقبال بہشتی اور وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم کی زیر نگرانی انتخابی عمل انجام پایا جبکہ خفیہ رائے شماری کے نتیجے میں علامہ تصور حسین مہدی بھاری اکثریت سے مرکزی صدر وحدت یوتھ پاکستان منتخب قرار پائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ تصور حسین کو وحدت یوتھ پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: دعا گو ہوں کہ خداوند متعال بحق چہاردہ معصومین علیہم السلام آپ کو اس الہیٰ ذمہ داری سے باطریق احسن عہدہ برآ ہونے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ آپ تنظیم کے اعلیٰ اہداف اور ملک وملت کی خدمت کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .